اربوں کھربوں روپے کی کرپشن کو پر لگ گئے، چاول، چینی ،گیس، ادویات اور مالم جبہ کے بڑے بڑے اسکینڈل پر نیب کہاں ہے؟

ملکی معیشت کا جنازہ نکل چکا،نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آ گیا، کارکن تیاری کریں ، لاہور میں تقریب سے خطاب

لاہور (ویب ڈیسک)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہاہے کہ ساڑھے 3 سال میں ملکی معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے ،اب تختیوں سے بات نہیں بنے گے آپ کادھڑن تختہ ہونیوالا ہے،نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آ گیا، کارکن تیاری کریں۔ ہم نے اگر حکومت سے فی الفور جان نہ چھڑائی تو خاکم بدہن پاکستان کا خداحافظ۔ لاہور میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کے نشتر چلادئیے اور کہا کہ یہ حکومت دھاندلی کی پیداوارہے جس نے جھوٹ اور یوٹرن کے سوا کچھ نہیں کیا، میں نے ساڑھے3سال پہلے نیب نیازی گٹھ جوڑ کا بتایا تھا، آج نیب نیازی گٹھ جوڑ ختم کرنے کا وقت آگیا، لنگوٹ کس لیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ پوری دنیا جانتی ہے کہ آپ کو دھکا دے کر لایا گیا، جن لوگوں نے آپ کو ووٹ دیئے آپ نے انہیں بھی مایوس کیا، آج ملک کی معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے، لوگ آج ایک وقت کی روٹی کو ترستے ہیں، خان صاحب لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں،50لاکھ گھر دور ایک کمرے کی اینٹ نہیں رکھی۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ قائد اعظم کی روح تڑپتی ہوگی کہ 74سال کے بعد کون سا حکمران آ گیا ہے،پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے، بجلی ہونے کے باوجود بجلی نہیں ،گیس ہونے کے باوجود گیس نہیں، جب کہ اتنی مہنگی گیس خریدی جارہی ہے، اربوں کھربوں روپے کی کرپشن کو پر لگ گئے، شہباز شریف نے نیب کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں چاول، چینی ،گیس، ادویات اور مالم جبہ کے بڑے بڑے اسکینڈل آئے لیکن کسی پر جوں نہ رینگی، اتنے بڑے بڑے اسکینڈل ہوئے نیب کہاں ہے؟۔اپنی غلطی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد بازی میں بولے جملوں پر تنقید ہوتی ہے اور میں نے جلد بازی میں کہا تھا کہ 6 ماہ میں بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کروں گا اور میرے اس جملے پر تنقید ہوئی ۔شہباز شریف نے کہاکہ سیاست اصل میں عوام کی خدمت اور دکھ درد بانٹنے کا نام ہے، سیاست نام ہے یتیم اور بیوہ کے سرپر دست شفقت رکھنے کا، سیاست نام ہے بے روزگاری کیلئے کاوشیں کرنے کا، سیاست نام ہے مہنگائی ختم کرنے کا یہ کام انجام دینا ہے نوازشریف نے، نوازشریف اور مجھے نیندنہیں آتی تھی کہ قوم سے وعدہ کر رکھا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ جوکنٹینرپر کہتا تھا کہ پشاور میں مفت میٹرو بھی دیا تو انکارکردوں گا، یہ لوگ بی آر ٹی کو آج تک مکمل نہیں کرسکے، اس پر بس چلتی تھی تو آگ لگ جاتی ہے، اورنج لائن کی جتنی مخالفت کی گئی اس کے پیچھے پی ٹی آئی تھی، ان کو گواراہ نہیں تھا کہ لوگ اپنے کاموں کیلئے وقت پر پہنچ سکیں کیونکہ ان کی کوشش تھی کہ اورنج لائن نواز شریف کامنصوبہ ہے اسے ختم کردو۔اپوزیشن لیڈر نے الزام عائد کیا کہ جتنے نواز شریف کے منصوبے ساڑھے3سال میں بنے اس پر عمران نیازی تختی لگاتے رہے، نالج پارک کا میں نے2014میں سنگ بنیاد رکھا تھا، اگر تختیاں لگانے کا شوق تھا تو آپ کو تختیاں لگانے پر لگا دیتے،کے پی میں شکست کے بعد عمران خان کوخیال آیا کہ ایک اور تختی لگائوں، تختیوں سے بات نہیں بنے گے آپ کادھڑن تختہ ہونیوالا ہے، جنہوں نے ووٹ دئیے ان کو بھی آپ نے برباد کیا، وقت آ گیا ان کا گریبان ہو اور عوام کا ہاتھ ہو۔قائد حزب اختلاف نے کہا کہ عمران نیازی حکومت نے پی کے ایل آئی اسپتال کا جنازہ نکال دیا جس سے شاندار اسپتال پورے پاکستان میں نہیں۔