ٹنڈوالہ یار (ویب ڈیسک)

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ انہوں نے ملک کو نانی ویہڑا سمجھ رکھا ہے،کبھی ایک کو بٹھاتے ہیں کبھی دوسرے کو لے آتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے حکومت کا وفاق میں بیٹھ کر مقابلہ کروں گا۔آصف زرداری نے ٹنڈوالہ یار میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زمانے کو آگے لے کر چلنا ہے، عوام نے بھی وہ کام نہیں سوچیں ہونگے جو پی پی نے پہلے سوچے اور پھر کرکے بھی دکھائے۔ آصف زرداری نے کہا کہ یہ عہد اور وعدہ ضرور کرتا ہوں کہ غریبوں کا کبھی ساتھ نہیں چھوڑونگا۔ ہمیشہ غریبوں کے ساتھ کھڑا رہونگا۔ غریبوں اور عوام کا استحصال صدیوں سے ہوتا آرہاہے،ان کا مقابلہ کرنے کا وقت آگیا ہے، لاہور اور اسلام آباد میں بیٹھ کر مخالفین کا مقابلہ کرنے جارہا ہوں، لاہور میں خیمے لگا کر احتجاج کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور ہمارے درمیان کچھ مسائل ہیں جو چلتے رہیں گے۔آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے اس ملک کو آئین دیا ہے،عوام کی طاقت سے ان قوتوں کو شکست دیں گے ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی کام کئے ہیں، بلاول اور آصفہ بھٹو کی قیادت میں عوام کی خدمت کریں گے۔ یہ آپس میں نانی کا کنبہ بنا کر بیٹھے ہیں جو کبھی کسی روپ میں تو کبھی کسی روپ میں۔ حقیقت میں ہیں وہی۔