سعودی عرب میں سماجی فاصلے کی پابندی دوبارہ عائد، نئی دہلی میں لاک ڈائون نافذ

فیصلے کا اطلاق آج (جمعرات )سے ہو گا ، ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانے کی سزا ہوگی،سعودی وزارت داخلہ

بھارت میں اومیکرون کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد ؤ تعلیمی اداروں میں بھی تعطیلات دے دی گئیں، شادی ہال اور سینما گھر بھی بند رہیں گے

ریاض/نئی دہلی (ویب ڈیسک)

سعودی عرب میں سماجی فاصلے کی پابندی دوبارہ عائد کر دی گئی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس فیصلے کا اطلاق 30دسمبر سے ہو گا جبکہ ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانے کی سزا ہوگی۔ دوسری جانب بھارت میں اومیکرون کے بڑھتے کیسز کے باعث نئی دہلی میں بھی لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں بھی اومیکرون نے پنجے گاڑنا شروع کر دیئے ہیں اور اس وقت بھارت میں اومیکرون کے کیسز کی تعداد 781 سے بڑھ چکی ہے جبکہ دہلی میں سب سے زیادہ 238 اومیکرون کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ بھارت میں نئی دہلی کے بعد دوسرے نمبر پر مہاراشٹر ہے جہاں 167 اومیکرون کے کیسز سامنے آئے ہیں۔بھارت میں اومیکرون کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد نئی دہلی میں منی لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا اور تعلیمی اداروں میں بھی تعطیلات دے دی گئی ہیں جس کے بعد تمام اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں بند رہیں گے جبکہ شادی ہال اور سینما گھر بھی بند رہیں گے۔