سعودی عرب میں برفباری،پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، سیاح لطف اندوز

تبوک کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے مزید دو روز جاری رہنے کا امکان ہے

جدہ(ویب  نیوز) سعودی عرب میں تبوک کے علاقے جبل اللوز میں برف باری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی اور سیاح بڑی تعداد میں قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے پہنچ گئے۔سعودی میڈیا کے مطابق تبوک میں رات بھر درجہ حرارت میں زبردست کمی کے بعد برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ مسلسل ہونے والی برفباری سے پہاڑ اور سڑکیں برف سے ڈھک گئیں۔بلند پہاڑوں کی چوٹی برف کی تہہ سے چمک رہی ہے اور اس پر پڑنے والی سورج کی کرنوں سے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پہاڑ سے چاندی اتر رہی ہو۔ برفباری کے بعد علاقے کے نکھرتے حسن نے سیاحوں کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ملک کے مختلف حصوں سے سیاحوں کی بڑی تعداد تبوک پہنچنا شروع ہوگئی۔ اہل خانہ کے ہمراہ آنے والے سیاحوں نے خوبصورت مناظر اور دل فریب موسم سے لطف اندوز ہونے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جس کے بعد ان علاقوں میں سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافے کا امکان ہے۔تبوک کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ مزید دو روز جاری رہنے کا امکان ہے۔