اومیکرون ،خراب موسم’ امریکا میں ہزاروں پروازیں منسوخ، بھارت میں 27 ہزار نئے کیسز

بھارت میں (آج) پیر سے 15 سے 18 سال کی عمر کے لڑکوں کے لیے ویکسینیشن مہم شروع کی جارہی ہے

واشنگٹن/نئی دہلی(ویب  نیوز) امریکا کے کچھ حصوں میں خراب موسم اور کورونا کی اومیکرون قسم کے پھیلا ئوکے باعث فضائی سفر شدید متاثر رہا۔دنیا بھر میں منسوخ ہونے والی 4 ہزار 698 پروازوں میں سے 2 ہزار 723 پروزیں امریکا کی تھیں۔اس کے علاوہ دنیا بھر میں گزشتہ روز 11 ہزار 43 مقامی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جن میں سے 5 ہزار 993 پروازیں امریکا کی تھیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فضائی سفر کی عالمی صنعت بھی کورونا کی اومیکرون قسم سے نبردآزما ہے، کئی پائلٹ اور دیگر عملہ اس وجہ سے چھٹیوں پر ہے کیونکہ وہ یا تو کورونا کا شکار ہیں یا وہ کسی کورونا مریض سے مل چکے ہیں اور اب قرنطینہ میں ہیں۔بھارت میں گزشتہ 5 روز سے کورونا کے یومیہ کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور اتوار کے روز ملک میں کورونا کے 27 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔تاہم نئی دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجری وال کا کہنا ہے کہ چونکہ اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی شرح کم ہے اس وجہ سے گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے۔ملک کے بڑے شہروں بشمول دہلی اور اقتصادی مرکز ممبئی میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، ان مریضوں میں کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے مریض بھی شامل ہیں۔پچھلے سال بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران دہلی سب سے زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل تھا اور وہاں اسپتالوں میں بستروں اور آکسیجن کی شدید کمی تھی۔بھارت میں اب تک تقریبا 3 کروڑ 49 لاکھ افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ ملک میں اب تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ 81 ہزار 770 ہوگئی ہے۔بھارت میں (آج) پیر کے روز سے 15 سے 18 سال کی عمر کے لڑکوں کے لیے ویکسینیشن مہم شروع کی جارہی ہے اور ریاستی حکومتیں اسکولوں، اسپتالوں اور خصوصی کیمپوں کے ذریعے ویکسینیشن کے لیے تیار ہیں۔