حالیہ پرتشدد واقعے کے ذمہ داروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جاے گی، صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی
اسلام آباد (ویب نیوز )
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے منگل کو ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوے کہا کہ یونیورسٹی میں پیش آنے والے حالیہ پرتشدد واقعے کے ذمہ داروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جاے گی، انہوں نے اسٹوڈنٹس ڈسپلن کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی کارروائی تیز کرے تاکہ اس واقعے میں ملوث مجرموں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔اجلاس میں نائب صدور، ڈینز، ڈی جیز، ایگزیکٹو ڈائریکٹرز، متعلقہ ڈائریکٹرز، پرووسٹس اور مشیران طلبا و طالبات نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں صدر جامعہ نے ہدایت کی کہ اس واقعے کو دیانتداری اور تیزی سے انجام تک پہنچانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ان عناصر کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے دریغ نہیں کرے گی جو یونیورسٹی کے تشخص اور تاثر کو خراب کرنے کے ایجنڈے پر ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد اس واقعے سے متعلقہ ثبوت، ریکارڈ اور معلومات سٹوڈنٹس ڈسپلن کمیٹی کے حوالے کریں تاکہ وہ شرپسند عناصر کو سزا دے سکے۔ ڈاکٹر ھذال نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی بین الاقوامی سطح کی جامعہ ہے جس کو اس کے نامور سکالرز، دانشوروں اور محققین کے ذریعے جانا جاتا ہے، ان لوگوں کو ایک مثال بنائیں گے جو یونیورسٹی کے ترقی کے سفر کو سبوتاژکرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دریں اثنا، سٹوڈنٹس ڈسپلن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں فراہم کیے گئے ریکارڈ، شواہد اور معلومات کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس معاملے کا تیز تر بنیادوں پر جائزہ لے کر تادیبی کارروائی کا فیصلہ جلد از جلد کیا جاے گا۔ منگل کے ہی روز جامعہ کی انتطامیہ نے بورڈ آف گورنز ز کے ایک اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں پہلے سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کا حوالہ دیتے ہوے نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے مطابق بورڈ نے جامعہ میں طلبا تنظیموں پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا۔ جاری کردہ نویٹفکیشن میں طلبا کو جامعہ کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور انتباہ کیا گیا ہے کہ اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاے گی۔