یونیورسٹیوں کا کام طلباء کوتعلیم کی شمع سے روشناس کرانے کیساتھ ان میں نظم و ضبط پیدا کرناہے‘وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد

ڈیرہ اسماعیل خان(ویب نیوز  )

وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی ہدایت پر ماہ دسمبر کو قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے ”اے قائداعظم تیرا احسان ہے احسان“ کے موضوع پر تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ گومل یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر زاہد اعوان،انسٹیٹیوٹ آف سوشل سائنسزکے شعبہ اکنامکس وایگری اکنامکس میں رجسٹرارپروفیسر ڈاکٹر نعمت اللہ بابر جبکہ انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹرا ینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی سی آئی ٹی) میں ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء الدین کی زیر صدارت مختلف تقریبات کا انعقاد کروایا گیا۔

ان تقریبات کے مہمان خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد تھے۔ ان تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ قائداعظم کے افکار، نظریا ت‘سوچ اور آزادی پاکستان کیلئے کئے جانیوالے جہاد پر جس طرح طلباء نے اس پورے ماہ دسمبر میں ہونیوالی تقریبات کے ذریعے تفصیلی روشنی ڈالی نہایت ہی قابل تعریف ہے کیونکہ ان تقریبات کے دوران قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بہت سی ایسی باتیں ہم پر عیاں ہوئیں جو شاید ہمارے علم میں نہیں تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں گومل یونیورسٹی میں تعلیم کے ساتھ ساتھ‘مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں ہمیشہ طلباء کے ساتھ ہوں۔ کیونکہ اس طرح کی مثبت سرگرمیوں سے طلباء کوسیکھنے کیلئے بہت کچھ ملتا ہے اوریہی یونیورسٹیوں کا کام ہوتا ہے کہ طلباء کوتعلیم کی شمع سے روشناس کرانے کے ساتھ ان میں نظم و ضبط پیدا کریں اور عملی زندگی میں بھی کامیاب ہونے کیلئے تیار کریں۔