پی پی اور (ن)لیگ کی فنڈنگ کی تحقیقات کا منتظر ہوں،عمران خان

سمندرپار پاکستانیوں کی پی ٹی آئی کو کی گئی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کا خیرمقدم کرتا ہوں،ٹویٹ

 اسلام آباد(ویب  نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرح ن لیگ اور پی پی کی فنڈنگ پر بھی الیکشن کمیشن کی تحقیقات کا منتظر ہوں۔وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندرپار پاکستانیوں کی پی ٹی آئی کو کی گئی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کا خیرمقدم کرتا ہوں، ہمارے اکائونٹس کی جتنی زیادہ جانچ پڑتال کی جائے گی، قوم کے لیے اتنی ہی حقائق کی وضاحت سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی بنیاد مناسب سیاسی فنڈ ریزنگ پر مبنی ہے، میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ پر الیکشن کمیشن کی اسی طرح کی جانچ پڑتال کا منتظر ہوں، جس کے نتیجے میں قوم کو سیاسی فنڈ ریزنگ اور سرمایہ داروں کے مفادات اور احسانات کے بدلے پیسے کی بھتہ خوری کے درمیان فرق دیکھنے کو ملے گا۔