پی آئی اے پائلٹ نے ڈیوٹی ختم ہونے پر پرواز دمام ایئرپورٹ پر اتار دی

پی آئی اے پرواز 9754 کی ریاض سے اسلام آباد کیلئے پرواز میں کئی گھنٹوں تاخیر

مسافروں کا عملہ سے تکرار، جہاز خالی کرنے سے بھی انکار،صورتحال کشیدہ ہونے پر ائیرپورٹ سیکورٹی طلب

موسم خراب ہونے کے باعث پرواز اسلام آباد کے بجائے دمام میں اتاری گئی، پی آئی اے انتظامیہ

اسلام آباد( ویب نیوز) پی آئی اے کے پائلٹ نے ڈیوٹی کا وقت ختم ہونے پر پرواز اسلام آباد کے بجائے دمام ایئرپورٹ پر اتار دی۔سعودی عرب سے پاکستان آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 9754 گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوگئی، پریشان حال مسافروں نے جہاز کے اندر ہی پی آئی اے کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق موسم خراب ہونے کے باعث ریاض سے اڑنے والی پرواز سعودی عرب کے شہر دمام میں اتاری گئی تھی، کپتان نے ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے پر جہاز کو اسلام آباد لے جانے سے انکار کردیا اور طیارے کا رخ اسلام آباد کے بجائے دمام کی طرف موڑدیا، جہاں مسافروں نے جہاز کے اندر شورشرابہ کرتے ہوئے جہاز سے اترنے سے انکار کردیا، اور صورتحال کشیدہ ہونے پر ریاض ایئرپورٹ پر سیکیورٹی عملے کو طلب کرکے حالات کو قابو کیا گیا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق فضائی سیفٹی کے لیے کپتان کا مکمل پرسکون اور آرام دہ ہونا ضروری ہے، کپتان اور عملے کے آرام کے لیے بندوبست کردیا گیا تھا اور پی کے 9754 کے مسافروں کو 24 گھنٹے تاخیر کے ساتھ گزشتہ رات 11 بجے اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔