یونیورسٹیوں میں ہونیوالی ہم نصابی سرگرمیاں طلباء میں تعلیم کیساتھ قائدانہ صلاحیتوں کو بھی پروان چڑھاتی ہیں اور اس سے طلباء میں نظم و ضبط بھی پیدا ہوتاہے‘وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد

ڈیرہ اسماعیل خان (ویب نیوز )

یونیورسٹیوں میں ہونیوالی ہم نصابی سرگرمیاں طلباء میں تعلیم کیساتھ قائدانہ صلاحیتوں کو بھی پروان چڑھاتی ہیں اور اس سے طلباء میں نظم و ضبط بھی پیدا ہوتاہے۔ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے فیکلٹی آف فارمیسی کی فارمیسی سٹوڈنٹس سوسائٹی اوربیٹھک فورم کے باہمی تعاون سے ہونیوالے آل ڈیرہ مضمون نویسی مقابلوں میں جیتنے والے طلباء کے اعزاز میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پررجسٹرار گومل یونیورسٹی سمیت تمام شعبہ جات کے ڈین سمیت شعبہ فارمیسی کے دیگر شعبہ جات کے سربراہان، اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوسائٹیز اور بیٹھک فورم کے سربراہان بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ جب ہم کامیابی کی بات کرتے ہیں تو اس میں تعلیم کے ساتھ ساتھ اس طرح کی ہم نصابی سرگرمیوں کا ہونا بہت ضروری ہوتا ہے جس میں طلباء کے متعلقہ شعبہ جات کے ساتھ کانفرنس، لیکچر،سیمیناروں کا انعقاد بھی شامل ہوتا ہے۔

ڈاکٹر افتخار احمد نے مزید کہا کہ ہم نے گومل یونیورسٹی میں سمسٹر بریک پر طلباء کیلئے انٹرن شپ پروگرام ضروری قرار دیدیا ہے اور اس طرح گومل یونیورسٹی کے طلباء کے پاس ڈگری کے ساتھ ساتھ اپنے متعلقہ ڈگری کے حوالے سے تجربہ بھی ہوگاکیونکہ جب طلباء ڈگری حاصل کرکے نوکری کے حصول کیلئے جاتے ہیں تو سب سے پہلا سوال ان سے ہوتا ہے کہ آپ کے پاس تجربہ ہے؟ اور یہی وجہ ہے کہ بہت سے قابل اورذہین طلباء تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے نوکری حاصل نہیں کرپاتے مگر گومل یونیورسٹی نے تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں سب سے پہلے اس نظام کو رائج کرکے ایک بنیاد رکھ دی ہے۔ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں سمسٹر سسٹم میں اساتذہ کو آٹھ گھنٹے لگاتار کام کرنا ہوتا ہے اوریہی حال طلباء کا بھی ہوتا ہے اورانشاء اللہ گومل یونیورسٹی کے نئے شروع ہونیوالے سمسٹرسسٹم میں اصلاحات لا رہے ہیں جس طرح گومل یونیورسٹی میں نظم و ضبط کے حوالے سے اقدامات کرکے ثابت کردیا ہے۔تقریب سے ڈائریکٹر شعبہ فارمیسی ڈاکٹرزاہد رسول نے بھی خطاب کیا۔انگلش مضمون نویسی سینئر میں موسیٰ خان نیازی ونر جبکہ فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کے حسیب رنر اپ جبکہ جونیئر کیٹگری میں لیڈ زکالج کے محمد مبشر ونر جبکہ صفہ پبلک سکول اینڈ کالج کے جاوید امجد رنر اپ رہے اسی طرح اردو مضمون نویسی سینئر میں گومل یونیورسٹی کے شعبہ بائیو سائنسز کے وسیم ناطق ونر جبکہ شعبہ فارمیسی کے عقیل رضا رنر اپ جبکہ جونیئر میں دارارقم سکول کی ماہین قذافی ونراور صفہ پبلک سکول کے معراج رنر اپ رہے۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی نے طلباء میں انعاما ت تقسیم کئے۔