اسلام آباد (ویب ڈیسک)

ججز تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ ججز تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پی پی رہنما فاروق ایچ نائیک کی زیرصدارت ہوا جس میں کمیٹی نے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ کا جج مقررکرنے کی منظوری دی۔فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ جسٹس عائشہ ملک کے نام کی منظوری اتفاق رائے سے دی گئی ہے، ہم سنیارٹی کے طریقہ کار کو ختم نہیں کررہے، ایک خاتون کی پہلی بار تقرری ہورہی ہے تو اس کی منظوری دی ہے اور جسٹس عائشہ ملک کے نام کی منظوری ملکی مفاد میں دی۔واضح رہے کہ جوڈیشل کمیشن نے جسٹس عائشہ ملک کو سپریم کورٹ میں جج مقرر کرنے کی سفارش کی تھی،یاد رہے کہ جسٹس عائشہ اے ملک 1966 کو پیدا ہوئیں، جسٹس عائشہ ملک نے ابتدائی تعلیم پیرس، نیویارک اور پھر کراچی سے حاصل کی۔انہوں نے بی کام کراچی سے کرنے کیا اور لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، ایل ایل ایم انہوں نے ہارورڈ لا سکول امریکا سے کیا، 55 سالہ جسٹس عائشہ ملک نے بطور جج لاہورہائیکورٹ عہدہ کا حلف 27 مارچ 2012 کو اٹھایا تھا۔جسٹس عائشہ اے ملک مارچ 2031 تک عدالت عظمی کی جج رہیں گی۔ جسٹس عائشہ ملک لاہور ہائی کورٹ میں سنیارٹی لسٹ میں چوتھے نمبر پر ہیں۔