تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل اور وکلا کی   شرکت

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

سپریم کورٹ آف پاکستان کی پہلی خاتون جج جسٹس عائشہ اے  ملک نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا،جسٹس عائشہ ملک کی تقریب حلف برداری سپریم کورٹ میں منعقد  ہوئی، تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز، اٹارنی جنرل بیرسٹرخالد جاوید خان اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے جسٹس عائشہ ملک سے بطور سپریم کورٹ جج حلف لیا۔  ۔جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ میں پہلی خاتون جج کی تعیناتی کی سفارش کی تھی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جج ایک خاتون مقرر ہوئی ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عائشہ ملک کے نام کی منظوری دی تھی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے جسٹس عائشہ ملک کے نام کی منظوری دیے جانے کے بعد وفاقی وزارت قانون نے ان کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔ جسٹس عائشہ ملک تین جون 1966 میں پیدا ہوئیں اور اپنی تعلیم پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک سے حاصل کی۔ انہوں نے فرانس، برطانیہ اور امریکہ کے تعلیمی اداروں سے بھی کسب فیض کیا۔ جسٹس عائشہ ملک نے قانون کی اعلیٰ تعلیم (ایل ایل ایم)امریکہ کے معروف تعلیمی ادارے  ہارورڈ لا سکول سے حاصل کی۔ انہوں نے تحقیقی کام کیا اور پنجاب یونیورسٹی میں بینکنگ لا پڑھایا اور کالج آف اکائونٹنگ اور مینجمنٹ سائنسز کراچی میں مرکنٹائل لا پڑھاتی ر  ہیں۔جسٹس عائشہ ملک نے 1997 میں وکالت شروع کی ،جسٹس عائشہ ملک بحیثیت وکیل ہائی کورٹس، ڈسٹرکٹ کورٹس، بینکنگ کورٹس، سپیشل ٹریبیونلز اور آربٹریشن کورٹس میں پیش ہوئیں اور مقدمات لڑتی رہیں۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں متعین ہونے والی جسٹس عائشہ ملک مئی 2012 میں لاہور ہائی کورٹ کی ایڈیشنل جج مقرر کی گئی تھیں۔لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عائشہ ملک نے تقریبا 10 سال فرائض سر انجام دیئے۔جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں مدت ملازمت 2031 تک ہے۔