اجتماع سے سراج الحق ،مولانا اسماعیل ،راشد نسیم ،شاہد ہاشمی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا

پشاور (ویب ڈیسک)

اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا تین روزہ سالانہ اجتماع عام اتوار کے روز اختتام پذیر ہو گیا جس میں شکیل احمد کو اسلامی جمعیت طلبہ کا نیا ناظم اعلیٰ برائے سال 2022-23جبکہ اسد علی قریشی کو قیم(جنرل سیکرٹری)منتخب کرلیاگیا ہے ۔خیبرپختونخوا کے لئے کلیم اللہ کو صوبائی ناظم منتخب کیاگیا ہے ۔اسلامی جمعیت طلبہ کا سالانہ اجتماع چار فروری سے مسلم ایجوکیشن کمپلیکس جی ٹی روڈ اضا خیل میں شروع ہوا اور اتوار کے روز اختتام پذیر ہو گیا ۔اس سال سالانہ اجتماع کا نعرہ تھا ترجمعہ اور جو لوگ ہدایت کے لئے جدوجہد کرتے ہیں ہم اسے اپنا راستہ یعنی ہدایت دیتے ہیں (القرآن)اس موضوع پر اسلامی جمعیت طلبہ کے سابق ناظم اور امیر جماعت اسلامی سرا ج الحق ،اسلامی جمعیت طلبہ کے سابق ناظمین راشدنسیم اور شاہد ہاشمی سمیت ذمہ داریوں سے فارغ ہونے والے ناظم اعلیٰ حمزہ صدیقی اور مولانا اسماعیل نے خطاب فرمایا ۔اجتماع کے اختتام سے قبل استصواب رائے کے ذریعے قرطبہ یونیورسٹی میں ایم فل پولیٹکل سائنس کے طالب علم شکیل احمد کو اسلامی جمعیت طلبہ کا ناظم اعلیٰ منتخب کرلیاگیا ۔شکیل احمد کا تعلق ہزارہ ڈویژن سے ہے ۔اسلامی جمعیت طلبہ ہزارہ ڈویژن کے ناظم رہ چکے ہیں اور مردان کی عبد الولی خان یونیورسٹی سے پولیٹکل سائنس میں ماسٹر کیا ہے ۔69ویں اجتماع میں اسد علی قریشی کو اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا قیم منتخب کرلیاگیا جبکہ کلیم اللہ کو اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا کا ناظم اعلیٰ مقرر کیاگیا ہے ۔اجتماع کے اختتام کے بعد طلبہ کے قافلے واپس اپنی منزلوں کو روانہ ہو گئے ۔تین روزہ 69ویں اجتماع میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کی اور اس موقع پر کورونا کے تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کیاگیا اور اس حوالے سے میڈیکل ڈسپنسری کا قیام بھی عمل میں لایاگیا تھا ۔

پشاور۔۔اسلامی جمعیت طلبہ پاکستانی عوام کے لئے امید کی کرن ہے،سراج الحق

موجودہ دور کے فتنوں میں جمعیت ،یونیورسٹی اور کالج کے طلبہ کیلئے ایک نعمت سے کم نہیں ہے

کردار سازی کے لئے قرآن اور سنت کی طرف مزید توجہ مرکوز کرنی چاہیے ،سالانہ اجتماع سے خطاب

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نوجوانوں نے ہمیشہ دین کی سربلندی کے لئے قربانی پیش کی ہے اور نوجوان ہی تبدیلی کا ذریعہ بنتے ہیں تاہم موجودہ دور میں نوجوانوں پر مزید ذمہ داریاں بڑھی ہیں کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں کردار سازی اور تربیت پر توجہ دیں کیونکہ ہر طرف سے فتنوں نے سر اٹھا رکھا ہے او ر مغرب مشرقی تہذیب کو مغرب کے رنگ میں رنگ چاہتا ہے اس لئے اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوانوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ نا صرف اپنی کردار سازی پر توجہ دیں بلکہ وہ دیگر طلبہ کے کردار پر بھی توجہ دیں ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ہفتے کی رات اسلامی جمعیت طلبہ کے 69ویں سالانہ اجتماع کے دوسر ے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے رات گئے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے اس سال قرآن کی جن آیات کا انتخاب کیا ہے وہ انسانی زندگی کی تربیت کے لئے ایک بنیادی نکتہ ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ جو ہدایت کے لئے جدوجہد کرتا ہے ہم اسے ہدایت دینے کے لئے راستے فراہم کرتے ہیں اس لئے طلبہ کی کردا ر سازی پر توجہ دینے اور قرآن اور سنت کی روشنی میں ان کی کردار سازی کے لئے مشکلات کا سامنا کرناہی اللہ تعالیٰ کی قربت کا ذریعہ بنتا ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ دور میں فتنوں نے سر اٹھا لیا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے نام پر خرافات اور بے حیائی پھیلائی جارہی ہے ایسے میں پاکستان کے نوجوانوں اور پاکستان کی امیدوں کا مرکز اسلامی جمعیت طلبہ ہی ہے اس لئے اسلامی جمعیت طلبہ کے نوجوانوں اور ذمہ داروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اللہ کے راستے کے لئے نوجوانوں کی کردار سازی کریں ۔کردار سازی کے بغیر جو بنیاد بھی کھڑی کی جائے گی وہ پائیدار نہیں ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کریں اور اس تعلیم کو دوسروں تک پہنچانے کے لئے ہمہ وقت جدوجہد کرنی چاہیے ۔وہ والدین خوش قسمت ہیں جن کے بچے اسلامی جمعیت طلبہ کا حصہ بنے ہیں کیونکہ موجودہ دور میں نشے اور بے حیائی کے خلاف جمعیت ایک دیوار کی حیثیت رکھتی ہے ۔یہی وجہ ہے کہ وہ والدین جن کے بچے جمعیت میں ہیں وہ اس حوالے سے بے فکر ہیں کہ ان کے بچوں کی نگرانی اور کردار سازی پر جمعیت جیسی تنظیم کا ہاتھ ہے ۔