لاہور،شدید دھند، فلائٹ آپریشن 12 گھنٹے معطل رہا

36مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کی لاہور کے لیے آمد و رفت متاثر ہوئی

لاہور کی 10 بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد اتارا گیا، جبکہ 2 مقامی پروازوں کو کراچی واپس کر دیا گیا

لاہور (ویب ڈیسک)

لاہور میں شدید دھند کے باعث علامہ اقبال ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن 12 گھنٹے سے بند رہا جہاں شدید دھند کی وجہ سے حدِ نظر سو میٹر سے بھی کم رہی ،فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے 36 مقامی اور بین الاقوامی پروازوں کی لاہور کے لیے آمد و رفت متاثر ہوئی ۔لاہور کی 10 بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد اتارا گیا، جبکہ 2 مقامی پروازوں کو کراچی واپس کر دیا گیا متعدد ایئر لائنز نے انٹرنیشنل مسافروں کو اسلام آباد سے بسوں کے ذریعے روانہ کیا، لاہور ایئر پورٹ سے بھی مسافر بسوں کے ذریعے اسلام آباد بھیجے گئے۔مسقط، دمام، جدہ، ابو ظہبی کی فلائٹس ابھی بھی لاہور ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی منتظر ہیں۔مشہد، دوحہ، دبئی، ریاض، کنمنگ، استنبول، ڈھاکا، مسقط کی پروازیں لاہور نہ اتر سکیں، لاہور سے مدینہ، جدہ، ابو ظہبی، شارجہ، دبئی، دمام اور دوحہ پروازوں کی روانگی بھی معطل کی گئی۔ ادھر سیالکوٹ ایئر پورٹ پر بھی دھند کے باعث فضائی آپریشن متاثر ہونے کی وجہ سے متعدد فلائٹس اتر نہ سکیں ۔