امریکی صدرجو بائیڈن رواں سال کے آخر میں اسرائیل کا دورہ کریں گے، وائٹ ہائوس

واشنگٹن (ویب ڈیسک)

امریکی صدر جوبائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں دفاعی میزائل نظام”آئرن ڈوم”کی تیاری پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ امریکی صدر نے سال کے آخر میں اسرائیل کے دورے کا عندیہ بھی دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اور اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے ٹیلی فونک گفتگو میں مشرق وسطی بالخصوص شام، ایران اور افغانستان میں سیکیورٹی معاملات کے علاوہ دفاعی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنمائوں نے 4سے 70کلومیٹر فاصلے سے مار کیے جانے والے میزائل اور گولوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے دفاعی نظام آئرن ڈوم سسٹم کی تیاری پر اتفاق کیا۔اس موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے آئرن ڈوم سسٹم کے لیے امریکی تعاون اور ٹھوس حمایت پر صدر بائیڈن کا شکریہ بھی ادا کیا۔وائٹ ہائوس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیراعظم بینیٹ نفتالی کو بتایا کہ وہ اس سال کے آخر میں اسرائیل کا دور ہ کریں گے جبکہ شام میں امریکی فوجی کارروائی میں داعش کے رہنما ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کی ہلاکت پر بھی گفتگو کی گئی۔علاوہ ازیں دونوں رہنمائوں نے دیگر اہم علاقائی امور پر تفصیلی بات چیت کی جس میں خلیجی ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات اور تجارتی تعلقات کی بحالی بھی شامل ہے۔خیال رہے امریکی ثالثی میں اسرائیل کیساتھ گزشتہ برس متحدہ عرب امارات اور بحرین سمیت 4 عرب ممالک  نے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیے تھے۔