امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر ردعمل
لاہور (ویب نیوز )
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنگوں ہو چکی۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ حکومت نے پٹرول کی بلند ترین قیمت کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔ پٹرول کی قیمت میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور ظلم ہے۔ پی ٹی آئی کی وجہ سے مہنگائی میں جو اضافہ ہو چکا ہے اس کے لیے سونامی چھوٹا لفظ ہے۔ سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور اضافہ واپس لے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی پچاس فیصد کم کی جائیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک اس وقت نیشنل اور انٹرنیشنل مافیاز کی چراگاہ بنا ہواہے۔ حکومت اور اپوزیشن کا میچ پہلے دن سے فکس ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہوش ربا مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف تحریک جاری رکھے گی۔