جاز اور یو این ڈی پی کے تحت منعقدہSDG بوٹ کیمپس کا دوسرا گروپ اختتام پذیر ہوگیا
جیتنے والے اسٹارٹ اپس کی توجہ تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی اور ڈیجیٹل تبدیلی پرمرکوز رہی

اسلام آباد (ویب نیوز )

۔۔اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام(UNDP)برائے پاکستان اورپاکستان کے نمبر ون 4Gآپریٹر جاز(Jazz) کے تحت تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے موضوعات پرمنعقد ہ SDG بوٹ کیمپس کا دوسرا گروپ کامیابی سے اختتام پزیر ہوگیا ہے۔سکول آف لیڈرشپ فاؤنڈیشن (SoLF) کے ذریعہ کرائے گئے دوسرے گروپ میں خواتین کے 42سوشل انٹرپرائزز سمیت مجموعی طور پر131 سماجی اداروں نے حصہ لیا جن میں سے چار سماجی ادارے کامیاب ہوئے۔

کامیاب ہونے والے سماجی کاروباری اداروں میں صوبہ سندھ سے خواتین کے ذریعے خواتین کی ہی پسندیدہ مصنوعات کی آن لائن خریدوفروخت کے لیے بنائی گئی ایک ملٹی وینڈر ایپ Bechlo.pk، سندھ سے ہی پرواز(Perwaz) نام کی ایک ہیلتھ کیئر کمپنی جو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ڈرون خدمات فراہم کرتی ہے۔ سندھ میں فصلوں کی دیکھ بھال کے لیے استعمال ہونے والی ایک موبائل ایپ(Crop Care) جو کسانوں کو فصلوں کی بیماریوں کا پتہ لگانے میں مدداور حل تجویز کرتی ہے اور پنجاب سے(Edibles) نامی ایپ شامل ہے جو خوردنی اشیاء کے لیے ایک ہی بار استعمال ہونے والی پلاسٹک کی کٹلری متعارف کرا کے پائیدار اور ماحول دوست متبادل حل کے لیے کام کر رہی ہیں۔

بوٹ کیمپس کے دوسرے مرحلے علاقائی بوٹ کیمپ کا مقابلہ بھی شامل تھا جس میں اسلام آبادکے ایک جبکہ جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شرکاء سمیت کل 25 سماجی کاروباری اداروں نے حصہ لیا۔اس دوران گلگت بلتستان میں مقامی نامیاتی پیداوار، جیسا کہ جڑی بوٹیاں، خشک میوہ جات،سبزیاں وغیرہ کی کٹائی اور فروخت کے ذریعے آمدنی کے مواقع پیدا کر نے والے سماجی ادارے ملوک (Malook) انٹرپرائزز نے علاقائی بوٹ کیمپ جیت لیا۔

پاکستان میں یو این ڈی پی کے رہائشی نمائندے، مسٹر نٹ اوسٹبی نے دوسرے گروپ کے اختتام کے موقع پربات کرتے ہوئے کہاکہ،”نوجوانوں بالخصوص خواتین کو ایک سماجی کاروباری شخصیت کے طور پرقابل عمل کیریئر کے آپشن کا انتخاب کرتے ہوئے دیکھنا واقعی متاثر کن ہے۔یو این ڈی پی۔ جاز SDG بوٹ کیمپس کاروباری ماڈلزکو تیار کرنے کے خواہشمند کاروباری افراد کی مدد کر رہے ہیں۔ پاکستان میں سماجی کاروباری ایکوسسٹم کو فروغ دینے سے نہ صرف ملک کے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جائے گا بلکہ پائیدار ترقیاتی اہداف کو حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔“

جاز کے چیف ریگولیٹری اینڈ کارپوریٹ افیئرز آفیسر سید فخر احمدنے کہا کہ،”میں جیتنے والوں کو مبارکباد دینا چاہوں گا، اور مجھے یقین ہے کہ بوٹ کیمپس کے ذریعے حاصل ہونے والی بصیرت ان سماجی اداروں کو اپنے کاروبار کو وسعت دینے میں مدد فراہم کرے گی۔ معاشرے پر مثبت اثر ڈالنے کے لیے ہم نوجوانوں باالخصوص دیہی علاقوں سے آنے والے گروپس کو بااختیار بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔“

نیشنل بوٹ کیمپ میں کامیاب ہونے والے کو ایشیا،پیسیفک میں یو این ڈی پی اور سٹی فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم کی گئی نوجوانوں کی سب سے بڑی کاروباری تحریک (Youth Co:Lab) میں شمولت کا موقع اور جاز کی طرف سےmentorshipکے مواقع تک رسائی بھی فراہم کی جائے گی۔

جاز اور یواین ڈی پی نے پاکستان میں سماجی کاروبار کو فروغ دینے اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو مضبوط کرنے کے لیے دسمبر 2020ء میں SDG بوٹ کیمپس کا آغاز کیا تھا۔ اس کے تحت دسمبر 2022 تک 50 فیصد خواتین سمیت 800 نوجوان سوشل انٹرپرائزز کو تربیت دینے کے لیے 20 بوٹ کیمپس لگائے جائیں گے۔