لاہور (ویب نیوز )
قومی بچت، ملک کا ایک ممتاز مالیاتی ادارہ ہے جس کا مطمع نظر عوام الناس میں بچت کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔ ادارہ قومی بچت وزارت خزانہ کا ایک ماتحت ادارہ ہے جس کا مقصد عام لوگوں کو گورنمنٹ سکیورٹیز نیشنل سیونگز سکیموں کی شکل میں انویسٹمنٹ کے لئے پیش کرنا ہے۔نیشنل سیونگز مالیاتی خدمات فراہم کرنے والا سب سے بڑا سرکاری ادارہ ہے جو عوام الناس بشمول ریٹائرڈ سرکاری ملازمین، بزرگ شہریوں، بیوہ خواتین اور معذور افراد کو مالیاتی خدمات فراہم کرتا ہے ملکی مالیاتی ادارے بشمول بینک وغیرہ مجموعی طور پر جس قدر خدمات فراہم کرتے ہیں اس کا 22فیصد ادارہ قومی بچت فراہم کرتا ہے اس وقت اس ادارے کے پاس 4ہزار ارب روپے کی عوامی سرمایہ کاری موجود ہے اس کے مجموعی صارفین کا 44فیصد خواتین پر مشتمل ہے جبکہ دیگر مالیاتی اداروں میں یہ شرح 10فیصد یا اس سے بھی کم ہے۔
اس ادارے نے حال ہی میں اپنے صارفین کی آسانی کے لیے ڈیجیٹلائزڈ خدمات کا آغاز کردیا ہے اب صارفین کو مراکز قومی بچت آنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ اے ٹی ایم (ATM)کارڈ کے ذریعے بھی ماہانہ منافع وصول کرسکیں گے اوریہ ڈیبٹ کارڈ خریداری کے لیے بھی استعمال ہوسکتا ہے۔ اسطرح نیشنل سیونگز سے وابستہ 30لاکھ صارفین اس سروس سے استفادہ کرسکیں گے۔ ادارہ قومی بچت ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے لاہور کی نئی سوسائٹیوں میں بھی اپنی برانچیں کھول رہا ہے اور اس کی پہلی مثال EME, DHA-XII میں قومی بچت کی برانچ کا کھلنا ہے جو کہ ٹھوکر نیاز بیگ، کینال روڈ رائے ونڈ روڈ اور ملتان روڈکی سوسائٹیوں کے رہائشیوں کو خدمات فراہم کرے گی۔ مر کز کا افتتاح جناب ظفر مسعود صدر اور سی ای او بی اوپی نے کیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے DG CDNS جناب حامد رضا نے ظفر مسعود صاحب کی خدمات کو سراہا اورقومی بچت میں ڈیجیٹلائزشن کے فروغ کے عمل کو شروع کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پرDG CDNS جناب حامد رضا نے جناب ظفر مسعود صدر اور سی ای او بی اوپی کو خصوصی سوینیر پیش کیا گیا۔
افتتا ح کے موقع پر بات کرتے ہوئے جناب ظفر مسعودنے کہا میرے لئے قومی بچت سکیم کی برانچ کا افتتاح کرنا باعث مسرت اور باعث اعزا ز ہے۔قومی بچت عوام میں بچت کو فروغ دینے والا سرکردہ مالیاتی ادارہ ہے۔ قومی بچت کے صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے بی او پی ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ بی او پی آر ڈی اے صارفین کو قومی بچت کی پراڈکٹس آفر کرنے کو تیار ہیں جبکہ قومی بچت مراکز میں اے ٹی ایم نصب کرنے کو بھی تیار ہیں۔ اس کے علاوہ قومی بچت اپنے صارفین کو ماہانہ کریڈٹ کرنے کیلئے بی او پی راست ریل روڈ استعمال کر سکتا ہے۔ مزید برآں، عوام کی فلاح کیلئے بی او پی اس امر پر غور کر رہا ہے کہ ویلفیئر اسکیمز کے پیسے نکلوانے پراے ٹی ایم چارجز کا اطلاق نہ ہو۔ اس موقع پر انہوں نے قومی بچت کی جانب سے کامیاب ڈیبٹ کارڈ کے اجرا پر حامد رضاصاحب کو مبارک باد پیش کی اور ملک کے اس ہم اور منفرد ادارے کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن پر ان کی ٹیم کو سراہا۔
ادارہ ہذا میں Mobile App, Inter Bank Financial Transaction (I.B.F.T)اور شرعی قوانین کے مطابق Sharia Compliant Productsپر بھی کام ہورہا ہے اور انشاء اللہ مستقبل میں قومی بچت کے صارفین ان سہولیات سے بھی مستفید ہوسکیں گے۔