تھائی لینڈ پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ سفیر
تھائی لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ محمد شکیل منیر

اسلام آباد (ویب نیوز )

تھائی لینڈ پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں جو دونوں کی معیشتوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں تعینات تھائی لینڈ کے سفیر چکرید کراچا ئیونگ نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کیلئے پاکستان کی وزارت تجارت کے جواب کا منتظر ہے کیونکہ اس معاہدے کے آخری باب کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے اور اس معاہدے کے طے پانے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ اور پاکستان سمندری خوراک، دواسازی، جواہرات اور پتھروں، آئی ٹی انفراسٹرکچر، سیاحت،اور زرعی مصنوعات سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ بہت سی بلند عمارتیں تعمیر کر رہا ہے جس وجہ سے پاکستان کے ماربل اور گرینائٹ کی تھائی لینڈ کی مارکیٹ میں اچھی مانگ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں فوڈ پروسیسنگ اور فوڈ چین کے کاروبار میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لوگ بہت سخی اور مہمان نواز ہیں اور تھائی لینڈ کے بہت سے سیاح پاکستان آنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے بعد دونوں ممالک عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے پر توجہ دیں جس سے تجارتی تعلقات کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے تھائی لینڈ کے سفیر کو پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ تھائی لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی پاکستانی مصنوعات بشمول ماربل اینڈ گرینائٹ، ادویات، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات، آم اور دیگر مصنوعات تھائی لینڈ کی مارکیٹ میں مقبولیت حاصل کر سکتی ہے لہذا تھائی لینڈ اپنی درآمدی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کی تقریباً 1.6ارب ڈالر کی دوطرفہ تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا دونوں ممالک دو طرفہ تجارت کو بہتر بنانے کے لیے اپنے نجی شعبوں کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میکانائزڈ مائننگ کے ذریعے ماربل اور گرینائٹ کی تمام اقسام کی اعلیٰ معیار کی مصنوعات تیار کر رہا ہے لہذا تھائی لینڈ کو چاہیے کہ وہ اپنے تعمیراتی شعبے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یہ مصنوعات پاکستان سے درآمد کرے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تھائی سفارت خانے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہے گا۔
آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، ظفر بختاوری، محمد نوید ملک، فصی اللہ خان، حافظ بلال منیر، محمد شاکر، اختر حسین اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و تھائی لینڈ کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط کو بہتر بنانے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔