سوات  (ویب ڈیسک)

سوات کی حسین وادی اور پر فضا سیاحتی مقام گبین جبہ میں دوسرا سنوفسٹیول 25 فروری سے شروع ہوگا جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،ضلعی انتظا میہ اور ڈسٹر کٹ سپورٹس آفس سوات کے زیراہتمام سنو فسٹیول پچھلے سال کی طرح تین دن تک جاری رہے گی، سنو فسٹیول کی افتتاحی تقریب 25فروری کو منعقد ہوگی جس کاا ختتام 27فروری کو کیا جائے گا، سنو فسٹیول میں کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت کو اجاگر کیا جائے گا،کھیلوں میں جوڈو، ووشو، سکی، ٹیگ بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، ویٹ لیفٹنگ، ماس ریسلنگ اور آرچری کے مقابلے ہونگے جبکہ فوڈ سٹالز کے ساتھ ساتھ روایتی سٹالز بھی لگائے جائیں گے، بچوں کے لئے بھی کھیل کود اورآئس ویلج بنانے کا اہتمام ہوگا، خٹک اور کیلاشی ڈانس، رباب، ڈرامہ اور روایتی گیت بھی سنو فسٹیول کا حصہ ہونگے،انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے کہا کہ کالام فسٹیول کے بعد ماہ رواں میں یہ دوسرا بڑا فسٹیول ہوگا جس میں مختلف کھیل اور ثقافتی ایونٹس کرائے جائیں گے، مزید کہا کہ ایونٹس کا مقصد سوات میں سرمائی سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا ہے۔