Commander of Sri Lankan Navy, Vice Admiral Nishantha Ulugetenne, called on President Dr Arif Alvi, at Aiwan-e-Sadr, on 22-02-2022.

بھارت علاقائی امن کو خراب کرنے پر تلا ہوا ہے ، سارک کو فعال نہیں ہونے دے رہا، ڈاکٹر عارف علوی

پاکستان سری لنکا کے ساتھ باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہے

صدر مملکت کی سری لنکا کی بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت ایک متشدد پڑوسی ملک ہونے کی حیثیت سے علاقائی امن کو خراب کرنے پر تلا ہوا ہے اوربالادستی کے عزائم کی وجہ سے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک)کو فعال نہیں ہونے دے رہا۔ منگل کو یہاں ایوان صدر میں سری لنکا کی بحریہ کے کمانڈر وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن سے ملاقات میں صدر مملکت نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم ایک سنگین تشویش کا باعث ہے اور بدقسمتی سے بھارتی حکومت اسے نظر انداز کر رہی ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور سری لنکا کے ساتھ باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاحت، ثقافت اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سری لنکن بحریہ کے کمانڈر کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جنہیں دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لئے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں ثقافتی تعاون اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کی بڑی صلاحیت ہے کیونکہ پاکستان میں بدھ مت کے بہت سے مقامات ہیں اور سری لنکا کے بدھ بھکشوں کو مذہبی مقامات کی سیر کے لئے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ سیالکوٹ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے صدر نے سری لنکا کے ایک شہری کو بے دردی سے قتل کئے جانے کے افسوسناک واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی۔ صدر عارف علوی نے چین پاکستان اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کی اہمیت کو اجاگر کیا جو علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے علاوہ پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ خطے میں اقتصادی خوشحالی کا باعث بنے گی۔ وائس ایڈمرل نشانتھا اولوگیٹن نے مشکلات میں سری لنکا کا ساتھ دینے پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے سری لنکن شہری کے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزمان کے خلاف حکومت کی جانب سے کی گئی کارروائی کو بھی سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔