وزیراعظم عمران خان آج (بدھ کو) 2روزہ دورے پر روس روانہ ہوں گے

وزیراعظم سے روس کے نائب وزیراعظم کی ملاقات بھی ہو گی،پاکستان اور روس کے درمیان توانائی امور پر تعاون کے لیے بات چیت بھی کی جائے گی

اسلام آباد  (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان بدھ کو دو روزہ دورے پر روس روانہ ہوں گے ،کابینہ ارکان سمیت اعلی سطح وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ روس جائے گا، دورہ روس کے دوران پاکستان انتہائی اہم معاملات میں بات چیت آگے بڑھائے گا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان  بدھ کو  شام ماسکو پہنچیں گے، جہاں روس کے نائب وزیر خارجہ وزیراعظم عمران خان کا استقبال کریں گے، جس کے بعد وزیراعظم کو ماسکو میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔وزیراعظم  جمعرات کو روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کریں گے، جس میں پاک روس تعلقات پر تبادلہ خیال ہو گا جبکہ عمران خان دوسری جنگ عظیم میں ہلاک فوجیوں کی قبرپرپھول رکھیں گے۔دورے کے دوران وزیراعظم سے روس کے نائب وزیراعظم کی ملاقات بھی ہو گی، اس کے علاوہ پاکستان اور روس کے درمیان توانائی امور پر تعاون کے لیے بات چیت بھی کی جائے گی۔عمران خان ماسکو میں اسلامی سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم سے روس کے مفتی اعظم کی ملاقات بھی شیڈول میں شامل ہے۔دورہ روس کے دوران پاکستان انتہائی اہم معاملات میں بات چیت آگے بڑھائے گا کیونکہ پاکستان روس کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری قائم کرنا چاہتا ہے۔وزیراعظم عمران خان اسٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے، پاکستان کے لیے یہ منصوبہ انتہائی اہم ہے اوروزیراعظم اس کی جلد تکمیل کے لیے پرعزم ہیں۔