سرینگر  (ویب ڈیسک)

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں  جمعہ کو ضلع شوپیاں میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔علاقے کی ناکہ بندی کرکے انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی گئی وادی میں قابض افواج نے کریک ڈاون کے دوران سات کشمیری نوجوان گرفتار کرلئے ،کے پی آئی کے مطابق قابض فوجیوں نے جمعہ کو دو نوجوانوں کو ضلع کے علاقے امشی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوجیوں نے علاقے کی طرف آنے اورجانے والے تمام راستوں کو بند کردیا اور گھرگھر تلاشی لی۔ آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔قابض حکام نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ،بھارتی فو ج نے دعوی کیا ہے کہ  خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور وہاں تلاشی مہم شروع کی، جس دوران فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔اْنہوں نے بتایا کہ تصادم میں اب تک دو عسکریت پسند مارے گئے ہیں، اْن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، وہیں علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔علاو ہ ازیں قابض فوج نے وادی میں برفباری کے باوجود مختلف مقامات پر کریک ڈاون کاسلسلہ جاری رکھا اس دوران  جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے بڈگام، بارہمولہ اور کشتواڑ اضلاع سے سات نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔بھارتی فوجیوں نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بڈگام کے علاقے آرتھ میں دو نوجوانوں کو اور ضلع بارہمولہ میں ایک نوجوان کو گرفتار کیا۔بھارتی فوجیوں نے ایک اور محاصرے اور تلاشی کی کارروائی میں ضلع کشتواڑ کے علاقے ڈول دھر میں چار نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ فوجیوں نے انہیں مختلف تفتیشی مراکز میں منتقل کردیا۔