بہاولپور (ویب ڈیسک)

بلوچ بزرگ قوم پرست رہنما ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ،خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عبدالحئی کی گاڑی کو بہاولپور میں حادثہ پیش آیا، حادثے میں وہ جانبر نہ ہوسکے۔حادثے کے بعد ڈاکٹرعبدالحئی میت کو ضابطے کی کارروئی کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا،ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کے صاحبزادے چنگیز چھلگری کے مطابق ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کوئٹہ سے لاہور جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے ہیں۔چنگیز چھلگری کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کی میت بہاولپور سے ان کے آبائی علاقے بھاگ کے لیے روانہ کر دی گئی ہے۔بلوچ بزرگ قوم پرست ڈاکٹرعبدالحئی بلوچ نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ اوربی ایس او کے چیئرمین رہ چکے ہیں، ان کا شمار ملک کے سینئر سیاستدانوں میں ہوتا ہے، وہ 1970 کے انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔واضح رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ پر قاتلانہ حملے میں زخمی ہوئے تھے۔