حکومت پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈا لے گی، شیخ رشید

اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد میں ڈیڈ لاک آچکا، ہمیں اپنے اتحادیوں پر اعتماد ہے

وہ جماعتیں جو ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کو تیار نہیں تھیں آج وہ رات میں ملاقاتیں کررہی ہیں

یہ لوگ جو تماشا لگانا چاہتے ہیں وہ صرف نو دن کا رہ گیا، آپ کی تحریک ناکام اور عمران خان مزید مضبوط ہوں گے

13 پاسپورٹس آفس کھولنے جارہے ہیں، ملک بھر میں نادرا کے مزید 88 دفاتر کھولیں گے جس سے عوام کو مزید سہولت میسر ہوگی

ہم طالبان کے ساتھ رابطے میں ہیں، آج (پیر کو) بھی ہمارا ایک وفد افغانستان روانہ ہورہا ہے

ٹی ٹی پی کے ساتھ بات چیت کاسلسلہ جاری لیکن کسی نتیجے پر نہیں پہنچے،وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس

اسلام آباد) ویب  نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈا لے گی، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد میں ڈیڈ لاک آچکا، یہ لوگ جو تماشا لگانا چاہتے ہیں وہ صرف نو دن کا رہ گیا، آپ کی تحریک ناکام اور عمران خان مزید مضبوط ہوں گے،ٹی ٹی پی کے ساتھ بات چیت کاسلسلہ جاری لیکن کسی نتیجے پر نہیں پہنچے ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بتادیں کہ وہ آپس میں ایک دوسرے پر کتنا اعتماد کرتی ہیں؟ وہ جماعتیں جو ایک دوسرے کی شکل دیکھنے کو تیار نہیں تھیں آج وہ رات میں ملاقاتیں کررہی ہیں، تحریک عدم اعتماد میں ڈیڈ لاک آچکا، جب کہ ہمیں اپنے اتحادیوں پر اعتماد ہے۔ میں یہ خبر دے رہا ہوں، کٹی پتنگ کو پکڑنے کے ان کے جو منصوبے ہیں کہ پنجاب میں ہمارا کیا ہو گا، مرکز میں ہو گا، میرے پاس یہی خبر ہے کہ عدم اعتماد ڈیڈ لاک ہے ،30دن ہیں اس کے بعد اللہ، اللہ خیر صلہ۔اتحادی ہمارے ہیں ان کو کیا تکلیف ہے روز کھانا کھانے چلے جاتے ہیں اورجس دن انہوں نے گھر سے کھایا ہے حرام ہی کھایا ہے ، اسی لئے اتحادیوں کے پاس جارہے ہیں کھانا مل جائے،ان کو ووٹ نہیں ملتا۔وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ ہر شخص کو احتجاج کا حق ہے، یہ لوگ دس دن میں اسلام آباد آرہے ہیں، آج چلے ہیں اور نو دن کا کھیل باقی رہ گیا ہے، میری وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات ہوئی ہے جس میں طے ہوا ہے کہ اس لانگ مارچ کا خیال کریں گے اور انہیں ہرگز نہیں روکا جائیگا، تاہم لوگوں کو اذیت ہوری ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کبڈی کبڈی کھیل رہی ہے جس میں جیت عمران خان کی ہوگی، آپ کی تحریک ناکام اور عمران خان مزید مضبوط ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ جہانگیر ترین کو صحت دے، میرا نہ ان سے کوئی تعلق ہے نہ ملاقات ہے ، میری خواہش ہے کہ جہانگیر ترین اور پاکستان تحریک انصاف میں صلح ہو جائے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ طالبان کی مدد کی جائے اور انہیں بھرپور سپورٹ کیا جائے، پاکستان کو ان کی مدد کرنی چاہیے تاہم اس پر پالیسی بیان وزارت خارجہ دے گی، ہم طالبان کے ساتھ رابطے میں ہیں، آج (پیر کو) بھی ہمارا ایک وفد افغانستان روانہ ہورہا ہے، اس میں وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری بھی جارہے ہیں، دو لوگ جارہے ہیں ، ٹی ٹی پی کے ساتھ بات چیت کاسلسلہ جاری لیکن کسی نتیجے پر نہیں پہنچے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 13 پاسپورٹس آفس کھولنے جارہے ہیں، ملک بھر میں نادرا کے مزید 88 دفاتر کھولیں گے جس سے عوام کو مزید سہولت میسر ہوگی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم نے ساری سول آرمڈ فورسز کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا ہے اورمیں نے وزیر اعظم سے درخواست کرکے اس میں اے ایس ایف کو بھی شامل کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ سپن بولدک چمن بارڈر پر بند ہے ،بارڈر مینجمنٹ کا معاملہ وزارت داخلہ کے پاس ہے ۔ شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ میں اسلام آباد پولیس کی کارکردگی سے بالکل مطمئن ہوں ، معاشرہ کتنا انحطاط کا شکار ہو گیا ہے کہ میں ٹی وی پر دیکھ رہا تھا کہ بیٹا ، باپ کو گولی مارنے کے لئے اس کے پیچھے، پیچھے گیا ہے اوراس نے اس کوگولی ماری ہے، بیٹا، ماں کو مارتے ہوئے میں نے ٹی وی پر دیکھا ہے، بھتیجا ، چچوں کو ماررہا ہے ۔ہم نے کہا تھا کہ نور مقدم کیس میں مثالی تفتیش ہو گی ، کبھی تو اسلام آباد پولیس کو کریڈٹ بھی دے دیا کریں۔