تہران  (ویب ڈیسک)

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران اور پانچ عالمی طاقتوں کے درمیان ویانا مذاکرات کے باقی ماندہ مسائل قابل حل ہیں اور ان پر اتفاق کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ مغربی فریق حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرے۔ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں ان کی اور جوہری معاہدے کے لیے مشترکہ کمیشن کے کوآرڈینیٹر انریکہ مورا کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایران کیلئے ریڈ لائن کافی اہمیت کی حامل ہے۔انہوں نے حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے تہران کی آمادگی کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مقابل فریق اہم سیاسی فیصلے کے لئے قدم اٹھائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران مذاکرات کے دوران ایک اچھے معاہدے کی کوشش میں ہے تاہم قومی مفادات ہماری ریڈ لائن ہیں۔اس موقع پر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی  کے سربراہ بورل نے کہا کہ ویانا مذاکرات ایک نازک مرحلے پر پہنچ چکے ہیں جس کے لیے (بقول انکے) ہر کسی کو سیاسی فیصلہ لینے کی ضرورت ہے۔ جوزف بورل نے یوکرین کے بحران کو عالمی اور یورپ کی سطح پر سنگین اثرات کا حامل قرار دیا۔ایران اور یورپی فریقوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ویانا مذاکرات میں شریک تمام فریقوں نے زیادہ تر کام بخوبی مکمل کر لیا ہے اور مذاکرات ایک اہم مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔