اسلام آباد (ویب ڈیسک)

پاک بحریہ  نے جاسوسی کیلئے آنیوالی بھارتی جدید ترین آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین وارفیئر یونٹ نے جدید کیلوری کلاس آبدوز کا سراغ لگایا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاکستان نیوی اینٹی سب میرین وارفیئر یونٹ نے 1 مارچ کو کلوری کلاس کی ہندوستانی آبدوز کو روکا اور ٹریک کیا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق موجودہ سیکیورٹی ماحول اور پاک بحریہ کی جاری مشق سی سپارک 2022 کے دوران یہ اہم واقعہ ہے، ہندوستانی آبدوز پاکستان میری ٹائم زون میں جاسوسی اور مشق سے متعلق معلومات اکٹھا کرنے کے لئے آئی تھی۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعہ گزشتہ 5 سالوں میں چوتھی بار پیش آیا ہے جسے تاہم پاک بحریہ نے ایک بار پھر مسلسل چوکنا رہ کر پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بھارتی آبدوز کی پاکستانی سمندری حدود میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنایا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ پاک بحریہ کی صلاحیت اور پاکستان کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے عزم کا عکاس ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کوئی پاکستان کے بری، بحری، اور فضائی حدود کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ  بھارت نے پاکستان کے گہرے پانیوں میں پانچویں دفعہ مداخلت کرنے کی کوشش کی ہے. ایک سال پہلے بھی ہم نے ان کی سب میرین کو پکڑا تھا. لیکن مارا نہیں۔ہم ایک پر امن ملک ہیں ہم نے ان کو مارا نہیں وارننگ دی تاکہ وہ واپس چلی جائے،  انہوں نے کہا کہ ہم نے کل بھارت کو آخری بار وارننگ دی ہے کہ بس کافی ہوگیا ہے ۔اب ہمارے پانیوں میں آئے تو ہم سے گلہ نہ کرنا، ہماری عظیم فوج ہے. اور ہماری پاکستان بحریہ کا عظیم جذبہ ہے۔