حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ مزید تگڑی ہوکر آئے گی

ایسے ہی اتنا شور نہیں مچا ہوا، ہر جگہ پیسہ چلا ہوا ہے، ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو

اسلا م آباد (ویب ڈیسک)

وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کی آخری واردات ہوگی اور ہم ان کو ایسی شکست دیں گے کہ یہ 2028 تک نہیں اٹھ سکیں گے۔وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ مزید تگڑی ہوکر آئے گی، میں خوش ہوں کہ یہ ان کی آخری واردات ہوگی اور ہم ان کو ایسی شکست دیں گے کہ یہ 2028 تک نہیں اٹھ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گئی تو پھر کیا ہوگا، اس وقت مائنڈ گیم چل رہی ہے اور میں مائنڈ گیم کا ماسٹر ہوں، عثمان بزدار ایک آسان ٹارگٹ ہے اور وہ صرف ان کو برے لگتے ہیں جو وزیر اعلی کے امیدوار ہیں جبکہ جہانگیر ترین کو میں جانتا ہوں وہ کبھی چوروں کے ساتھ نہیں ملیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے ہی اتنا شور نہیں مچا ہوا، ہر جگہ پیسہ چلا ہوا ہے، ارکان کو 18، 18 کروڑ روپے کی آفرز کی جارہی ہیں، یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں نے ارکان کو پیسے دیے، کسی نے کوئی ایکشن نہیں لیا جبکہ میں نے ارکان سے کہا کہ ان سے پیسے لیں اور غریبوں میں بانٹ دیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پیچھے ایک ہاتھ نہیں، کئی بیرونی ہاتھ ہیں، جو لوگ آزاد خارجہ پالیسی نہیں دیکھنا چاہتے وہ ان کو سپورٹ کرتے ہیں، ہمارے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، میں نہ تو امریکا کا مخالف ہوں نہ بھارت کا بلکہ ان کی حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کپتان ایک دم اپنی حکمت عملی نہیں بتاتا، میں نے ساری تیاری کر رکھی ہے، فوج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ کبھی ان چوروں کا ساتھ نہیں دے سکتے، اپوزیشن کے ساتھ عوام نہیں تو اب یہ کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ ہمارے ساتھ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے امریکا، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ذریعے ہم پر دباو ڈالے لیکن اسے وقت آنے پر دیکھیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نومبر بہت دور ہے، جب وقت آئے تو فیصلہ کریں گے۔

ملک میں بدلتی سیاسی صورتحال ، وزیراعظم عمران خان بدھ کو کراچی پہنچیں گے

وزیراعظم عمران خان دو بجے ایم کیو ایم پاکستان مرکز بہادر آباد کا دورہ کریں گے

 ایم کیو ایم کنونئیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ریگر رہنماوں سے اہم ملاقات کریں گے

 ملک میں بدلتی سیاسی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان آج(بدھ کو) کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ اپنے اتحادیوں سے ملاقات کریں گے۔ سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی سندھ ارسلان تاج کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان بدھ کو کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ اپنے اتحادیوں سے ملاقات کریں گے۔ارسلان تاج کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ایم کیو ایم رہنماوں سے ملاقات کریں گے اور سندھ ایڈوائزری کونسل اجلاس کی سربراہی کریں گے۔دورے کے دوران وزیراعظم پارٹی ذمہ داران اور کارکنان سے خطاب کریں گے۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان کا اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان سے ملاقات کا شیڈول طے ہو گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کل دو بجے ایم کیو ایم پاکستان مرکز بہادر آباد کا دورہ کریں گے جبکہ عمران خان کا بطور وزیراعظم ایم کیو ایم مرکز کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔وزیراعظم عمران خان ایم کیو ایم کنونئیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ریگر رہنماوں سے اہم ملاقات کریں گے ، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور سندھ میں امن وامان پر بات چیت ہوگی۔ذرائع کے مطابق گورننس سمیت اتحادیوں کے درمیان طے معاہدے پر بھی بات چیت ہوگی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم کے درمیان معاہدے پر پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ملاقات کے موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما وزیراعظم عمران خان کے سامنے اپنے تحفظات پھر رکھیں گے، اس موقع پر عدم اعتماد کی تحریک سمیت موجودہ صورتحال بھی زیر غور آئے گی ۔۔