اگر آپ کے 15،20 ارکان ٹوٹ گئے تو ہم بھی اپوزیشن کے ساتھ جانے پر مجبور ہوں گے..وزیراعظم سے ملاقات کی اندرونی کہانی
چودھری برادران اپوزیشن کا ساتھ دینے کیلئے اپنی شرائط سے بھی دستبردار
جن شرائط پر آپ پرویز الہی کو وزیراعلی بنانا چاہتے تھے، بنا دیں، ہم تیار ہیں،چودھری شجاعت
چودھری صاحب، آپ نے بہت دیر کردی۔ آپ نے بروقت فیصلہ نہیں کیا تو ہم نے دوسرے آپشنز پر کام کر لیا،مولانا فضل الرحمن
آپ نے شہباز شریف کی دعوت قبول کرنے کے بعد اچانک انکار کرکے بھی اچھا نہیں کیا،سربراہ پی ڈی ایم کا شکوہ
چودھری شجاعت کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اندرونی کہانی
اسلام آباد(ویب نیوز)چودھری برادران اپوزیشن کا ساتھ دینے کیلئے اپنی شرائط سے بھی دستبردار ہو گئے، چودھری پرویز الہی کو اپوزیشن کی شرائط پر وزیراعلی بنانے کی پیشکش پر مولانا فضل الرحمن نے چودھری شجاعت کو جواب دیا کہ چودھری صاحب آپ نے بہت دیر کردی۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق چودھری شجاعت کی مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائشگاہ پر گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ چودھری برادران اپوزیشن کا ساتھ دینے کیلئے اپنی شرائط سے بھی دستبردار ہو گئے۔ چودھری شجاعت نے مولانا فضل الرحمن کو کہا کہ جن شرائط پر آپ پرویز الہی کو وزیراعلی بنانا چاہتے تھے، بنا دیں، ہم تیار ہیں تاہم مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ چودھری صاحب، آپ نے بہت دیر کردی۔ آپ نے بروقت فیصلہ نہیں کیا تو ہم نے دوسرے آپشنز پر کام کر لیا۔سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمن نے مزید شکوہ کیا کہ آپ نے شہباز شریف کی دعوت قبول کرنے کے بعد اچانک انکار کرکے بھی اچھا نہیں کیا۔انہوں نے چودھری شجاعت سے کہا کہ آپ ہمارے لئے محترم ہیں، آپ آئے ہیں، تو میں ن لیگی قیادت سے بات کروں گا۔
مسلم لیگ (ق)نے وزیراعظم عمران خان پر واضح کر دیا ہے کہ اگر آپ کے 15،20 ارکان ٹوٹ گئے تو ہم بھی اپوزیشن کے ساتھ جانے پر مجبور ہوں گے۔ ا یک نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے مسلم لیگ(ق)کے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی گزشتہ روز ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آئندہ منظر نامے پر آپشنز پر بات چیت ہوئی اور حکومتی ارکان ٹوٹ جانے کی صورت میں آئندہ سیاسی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ق) نے حکومتی ارکان ٹوٹ جانے پر پہلی بار اپوزیشن کے ساتھ جانے کااشارہ دے دیا ہے۔ طارق بشیر چیمہ نے وزیراعظم عمران خان سے کہا کہ اگر آپ کے 15 سے 20 ارکان ٹوٹ گئے تو ہم بھی اپوزیشن کے ساتھ جانے پر مجبور ہوں گے۔ذرائع کے مطابق طارق بشیر چیمہ نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ اتحاد کے معاملات میں اپ کے ساتھ کھڑے ہیں، لیکن اگر آپ کے ارکان بکھر گئے تو ہم بھی نئی پالیسی بنا سکتے ہیں۔