سیاسی صورتحال کے تناظر میں رابطے جاری رہیں گے، جہانگیر ترین کی خیریت دریافت کی، نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں: چودھری پرویزالٰہی

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ترین گروپ کے صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال کی قیادت میں وفد کی ملاقات، روزبروز بدلتی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت

پنجاب تباہ ہو چکا، عوام کے مفاد کیلئے عثمان بزدارکو ہٹانے نکلے ہیں ہمارا ساتھ دیا جائے: نعمان لنگڑیال، وفد میں صوبائی وزیر اجمل چیمہ، عون چودھری، لالہ طاہر رندھاوا، عبدالحئی دستی اور عمران شاہ شامل تھے

لاہور ( ویب  نیوز)

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ترین گروپ کے صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال کی سربراہی میں وفد نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی وزیر اجمل چیمہ، عون چودھری، لالہ طاہر رندھاوا، عبدالحئی دستی اور عمران شاہ شامل تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال باالخصوص پنجاب کی روز بروز بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ صوبے اور عوام کی بہتری کیلئے ترین گروپ اور چودھری پرویزالٰہی کا رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے جہانگیرترین کی خیریت دریافت کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال نے ترین گروپ کی جانب سے پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع ہونے بارے استفسار کیا۔ نعمان لنگڑیال نے کہا کہ پنجاب تباہ ہو چکا ہے، عوام کے مفاد کیلئے سامنے آنا ہوگا، ہم عثمان بزدار کو ہٹانے نکلے ہیں ہمارا ساتھ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں جلد چودھری شجاعت حسین سے بھی ملاقات کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ابھی عدم اعتماد کی کوئی تحریک پنجاب اسمبلی میں جمع نہیں ہوئی، سیاسی صورتحال کے تناظرمیں رابطے جاری رہیں گے

جہانگیر ترین گروپ کی پرویز الٰہی سے ملاقات، مائنس ون ایجنڈے پر تبادلہ خیال

 ہمارے گروپ کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ ہمیں عثمان بزدار قبول نہیں،نعمان لنگڑیال

 صورتحال کا جائزہ لے رہے ، پارٹی رہنمائوں سے مشاورت کرکے فیصلے کریں گے،پرویز الٰہی

جہانگیر ترین گروپ نے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی ہے جس میں مائنس ون ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین گروپ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں جہانگیر ترین وفد نے چوہدری پرویزالٰہی کو مائنس ون ایجنڈے پر آگاہ کیا ہے۔نعمان لنگڑیال نے پرویز الٰہی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گروپ کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ ہمیں عثمان بزدار قبول نہیں، عثمان بزدار نے تحریک انصاف کے مخلص ساتھیوں کو مایوس کیا۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ تمام تر صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، پارٹی رہنمائوں سے باہمی مشاورت کرکے ہی تمام فیصلے کریں گے۔