تحریک عدم اعتماد : اپوزیشن ارکان کی حفاظت کیلئے انصار الاسلام کا دستہ ڈی چوک پہنچ گیا،پارلیمنٹ لاجز کے اندر کیمپ قائم کرنیکا فیصلہ
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پارلیمنٹ لاجز میں موجود اپوزیشن ارکان قومی اسمبلی کی سیکیورٹی کیلئے جمعیت علمائے اسلام کی سکیورٹی تنظیم انصارالاسلام کے سکیورٹی کارکن ڈی چوک پہنچ گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماوں نے اپنے ارکان کے لاپتہ کیے جانے اور سکیورٹی پر خدشات ظاہر کیے تھے جس کے بعد مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا تھا کہ انصار الاسلام کے کارکن اپوزیشن کے تمام ارکان کو سکیورٹی فراہم کریں گے۔انصار الاسلام پارلیمنٹ لاجز کے باہر پہنچی جہاں پر اپوزیشن کے ممبران کو بھرپور سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ہدایت پر سکیورٹی پر عملدرآمد شروع ہوگا، انصار الاسلام کے رضا کاروں نے پارلیمنٹ لاجز کے باہر مختصر ریہرسل بھی کی۔بعدازاں انصارالاسلام کے رضا کاروں نے پارلیمنٹ لاجز کے اندر کیمپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا جو عدم اعتماد کی کامیابی تک لاجز میں رہیں گے،خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے جس پر اب اسپیکر کو اجلاس بلا کر ووٹنگ کرانی ہے۔اپوزیشن کو خدشہ ہے کہ ان کے ارکان کی تعداد کم کرنے کیلئے گرفتاریاں یا ارکان کو غائب کیا جاسکتا ہے۔