ڈاکٹر عارف علوی کا وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے طلباپر زور دیا ہے کہ وہ علم کے حصول پر خصوصی توجہ دیں، ملک میں روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کا فروغ ضروری ہے، کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد پاکستان کے ہر صوبے اور ہر سکول میں ہونا چاہئے، نوجوان کیریئر کے چنا میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھیں، آئی ٹی سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پاک چائنہ سنٹر میں وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے زیراہتمام کیریئر کونسلنگ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میںوفاقی سیکرٹری وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت ناہید درانی، ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین وانی، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سمیت ماہرین تعلیم اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ماتحت اسلام آباد کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباو طالبات کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس اہم تقریب میں شرکت ان کیلئے خوشی کا باعث ہے، انہوں نے تقریب کے انعقاد پر وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کا شکریہ ادا کیا۔ صدر نے کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت نے طلباکی کونسلنگ کیلئے اچھا کام کیا ہے، ایسے پروگرامات ملک کے تمام صوبوں میں ہونے چاہئے اور اس کا دائرہ کار بڑھانا چاہئے، ماضی میں کیریئر کونسلنگ نہیں تھی، اس لئے ماضی میں ملک میں بڑی تعداد میں طلبانے ڈاکٹری کا پیشہ اختیار کرلیا اور ملک میں ہسپتالوں کی کمی اور روزگار کے مواقع کی عدم موجودگی کے باعث وہ بیرون ملک چلے گئے۔ صدر مملکت نے طلباکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کا مستقبل ہیں، اس لئے وہ علم کے حصول پر خصوصی توجہ دیں، علم جہاں سے بھی ملے اسے حاصل کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دوسروں تک پیغام پہنچانے کیلئے کمیونیکیشن سکلز بہت اہمیت کے حامل ہیں، سچائی کا دامن نہ چھوڑا جائے تو دنیا کے ہر میدان میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ ملک میں لاکھوں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر کے چنا میں مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھنا چاہئے، دنیا کو آئی ٹی کے شعبہ میں تربیت یافتہ افراد کی ضرورت ہے، آج خواتین گھر بیٹھے انٹرنیٹ کے ذریعے لاکھوں روپے کما رہی ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی نے پاکستان کے نوجوانوں کیلئے بھی راستے کھول دیئے ہیں، پاکستان کو نوجوان آبادی سے فائدہ اٹھانا چاہئے، دنیا کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں ہنرمند افراد کی سخت ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے طلباسے کہا کہ وہ اخلاقی تربیت پر اپنی توجہ مبذول کریں، اساتذہ کا احترام کریں اور اپنے والدین کے مشکور رہیں جنہوں نے انہیں پالا اور ان کی تربیت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ طلباکو معاشرے میں ہمدردی کا جذبہ بھی رکھنا چاہئے، فیک نیوز سے سب سے زیادہ خطرہ نوجوانوں کو ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان جس انداز سے ترقی کر رہا ہے اس کے نتیجے میں وہ جلد ایک ترقی یافتہ ملک بنے گا، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ تعلیم کو فروغ دیا جائے، نوجوان نسل ملک کو ترقی کرتادیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز سے سب سے زیادہ خطرہ نوجوانوں کو ہے۔ تقریب سے وفاقی سیکرٹری تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت ناہید درانی نے اپنے خطاب میں تقریب میں شرکت پر صدرِ مملکت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم سمیت ملک کے ہر شعبہ میں ڈیجٹلائزیشن ہوئی ہے، دنیا بڑی تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، طلباکی کیئریر کونسلنگ کے لیے 70سے زائد اداروں نے ایکسپو میں سٹال لگائے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ طلباکو فیصلہ سازی کرتے ہوئے احتیاط کرنا ہوگا۔ قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری وفاقی وزارتِ تعلیم اورپیشہ وارانہ تربیت محی الدین وانی نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، تقریب میں بلوچستان سے بھی بڑی تعداد میں طلباشرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طلباکی کیئریر کونسلنگ کے لیے مستقبل میں ایسی مزید تقریبات کا انعقاد کیاجائے گا۔ تین روزہ ایکسپو میں ہائرایجوکیشن کمیشن ،آکسفیم، نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، قائداعظم یونیورسٹی، پی ٹی سی ایل، کوڈ فیسٹ، اوجی ڈی سی ایل، وی فن ایجوکیشن سمیت بڑی تعداد میں مختلف اداروں نے طلباکی رہنمائی کے لیے سٹال لگائے ہیں۔