2کروڑ کی آبادی کے لیے 200فائر اسٹیشن اور 28ہزار اہلکار ہونے چاہییں۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (ویب ڈیسک)

امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لاہور کے شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی سے 400سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہوگئیں جبکہ تاجروں کو کروڑوںروپے کا نقصان ہوا ہے۔ چوتھے فلور پر لگنے والی آگ نے پورے پلازے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پلازے کا ہائیڈرنٹ سسٹم ناکاہ ہونے کی وجہ سے آگ پر دس گھنٹے بعد قابو پایا گیا ۔ اس واقعے کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور ذمہ داران کے خلاف فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جانی چاہئے۔حکومت متاثرین کی ہر ممکن امداد کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ آتشزدگی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ، قبل ازیں حفیظ سنٹر بھی ناقص سسٹم کی بدولت مکمل طور پر جل چکا ہے۔ جس سے تاجروں کو ناقابل برداشت نقصان ہوا ۔ ریسکیو احکام کی رپورٹس کے مطابق 2021ء میں صرف لاہور کے اندر چار ہزار سے زائد واقعات ایسے ہیں جو صرف آگ لگنے کی وجہ سے رونما ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ،کراچی سمیت پاکستان کے بڑے شہروں میں ہولنا ک آتشزدگی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ مگر آگ پر قابو پانے کا پرانا نظام اپڈیٹ نہیں کیا گیا۔ ہر سال کروڑوں روپے بطور فنڈز حکومت اس ادارے کو دیتی ہے مگر نظام میں جدت کہیں بھی نظر نہیں آتی۔  محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ 2کروڑ کی آبادی والے شہر لاہور میں بین الاقوامی معیار کے مطابق ایک لاکھ کی آبادی پر ایک فائر اسٹیشن اور چار گاڑیاں ہونا ضروری ہے۔ اسی طرح لاہور کی دو کروڑ کی آبادی کو 200فائر اسٹیشن اور 8ہزار فائٹرز درکار ہیں جو کہ موجودہ افراد سے کئی گنا زیادہ ہے

پیس سینٹر میں آتشزدگی  المناک سانحہ،تاجر وں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے ، میاں کامران سیف

 وائس آف ٹریڈرز کے چیئرمین میاں کامران سیف نے گلبرگ میں پیس سینٹر میں ہولناک آتشزدگی سے پلازہ میں موجود 400سے زائد دوکانیں جلنے اور ان دوکانوں میں کروڑوں روپے کے سامان کی تباہی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیس سینٹر میں آتشزدگی المناک سانحہ ہے تاجربرادری پیس سینٹر کے تاجروں کے غم میں برابر شریک ہے انہوں نے کہا کہ تاجروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس آف ٹریڈرز کے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر عاصم مغل نے کہا کہ آتشزدگی سے پیس سینٹر کے تاجر مالی طور پر دیوالیہ ہوگئے ہیں حکومت ان کے نقصانات پورے کرنے کا اہتمام کرے تاکہ پیس سینٹر ک تاجر دوبارہ کاروبار کرکے اپنے پائوں پر کھڑے ہوسکیں۔جنرل سیکرٹری رانا ریاض نے کہا کہ پیس سینٹر میں موجود سینکڑوں دوکانداروں کا تمام مال آگ کی نذر ہوگیا ہے پیس سینٹر کے متاثرہ تاجروں کو کاروبار کرنے کیلئے مواقع و ریلیف دیا جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنا کاروبار شروع کرسکیں۔