روس نے یوکرین پر جدید ترین اور خطرناک سپر سونک میزائل برسا دیا..حملے میں اسلحہ ڈپو تباہ کردیئے گئے، روس کا دعویٰ

ماسکو (ویب ڈیسک)

تین ہفتوں سے جاری جنگ میں روس نے پہلی بار یوکرین میں ایک ہدف کو سپر سونک میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے یوکرین پر حملے کو تین ہفتے گزر گئے ہیں جس کے دوران پہلی بار روس نے کنزہل ہائپر سونک میزائل سے یوکرین کو نشانہ بنایا ہے۔روس کے وزارت دفاع کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ سپر سونک میزائل سے یوکرین کے زیر زمین اسلحہ ڈپو کو نشانہ بناکر بڑی تعداد میں اسلحہ، کروز میزائل اور دیگر جنگی ساز و سامان تباہ کردیا۔ترجمان وزارت دفاع نے مزید بتایا کہ یوکرین کے بندرگاہی شہر اوڈیسا میں فوجی تنصیبات کو بھی اینٹی شپ میزائل سسٹم کے ذریعے تباہ کردیا۔ یوکرین کی جانب سے روس کے ان دعووں پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔دوسری جانب یوکرین کے صدر نے امن مذاکرات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر روس نے حملوں کا سلسلہ جار رکھا تو اس کے نتائج روس کی نسلوں کو بھگتنا پڑیں گے۔

روسی فوج نے ڈونیسک پر قبضہ کر لیا،یوکرینی وزارتِ دفاع

ڈونیسک پر روسی فوج کے قبضے سے یوکرین کی بحیرہ ازوف تک رسائی عارضی طور پر معطل ہو گئی

یوکرین میں جنگ نہ روکی گئی تو روس کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے میں کئی نسلیں لگ جائیں گی،یوکرینی صدر

یوکرین کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ روسی فوج نے جزوی طور پر ڈونیسک آپریشنل ڈسٹرکٹ پر قبضہ کر لیا ہے۔یوکرینی وزارتِ دفاع کے مطابق ڈونیسک پر روسی فوج کے قبضے سے یوکرین کی بحیرہ ازوف تک رسائی عارضی طور پر معطل ہو گئی ہے۔یوکرین کی وزارتِ دفاع نے بحیرہ ازوف تک دوبارہ رسائی حاصل کرنے سے متعلق بیان جاری نہیں کیا ہے۔دوسری جانب یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرین میں جنگ نہ روکی گئی تو روس کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے میں کئی نسلیں لگ جائیں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوکرین میں روسی جارحیت روکنے کے لیے بامعنی مذاکرات کی ضرورت ہے، اب بات کرنے کا وقت ہے۔