ترین گروپ پی ٹی آئی میں واپسی کے لئے مشروط آمادگی ،بزدار کی تبدیلی کا پھر مطالبہ

پارٹی چھوڑنا نہیں چاہتے لیکن عثمان بزدار کو مائنس کرنا ہوگا، 17 ارکانِ اسمبلی نے تحفظات کی فہرست حکومتی ٹیم کو پیش کر دی

ترین گروپ نے حلقوں کے مسائل، بیورو کریسی کے رویے اور انتقامی رویے سے بھی حکومتی ٹیم کو آگاہ کیا

مذاکراتی ٹیم نے ترین گروپ کے مطالبات سے وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو آگاہ کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک)

حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف(پی ٹی آئی)کے جہانگیر ترین گروپ نے پی ٹی آئی میں واپسی کے لئے مشروط آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کا مطالبہ کر دیا۔ جہانگیر ترین گروپ کی حکومتی شخصیات سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ وزیرِ تعلیم پنجاب مراد راس کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے مذاکرات کیے۔ ترین گروپ کے 17 ارکانِ اسمبلی نے تحفظات کی طویل فہرست حکومتی ٹیم کو پیش کر دی۔ ترین گروپ کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ پارٹی چھوڑنا نہیں چاہتے لیکن عثمان بزدار کو مائنس کرنا ہوگا۔ ترین گروپ نے حلقوں کے مسائل، بیورو کریسی کے رویے اور انتقامی رویے سے بھی حکومتی ٹیم کو آگاہ کیا۔ حکومتی ٹیم نے ترین گروپ کو وزیرِ اعظم عمران خان یا وزیرِ اعلی پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ملاقاتوں کا اہتمام کروا سکتے ہیں۔ مذاکراتی ٹیم نے ترین گروپ کے مطالبات سے وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو آگاہ کر دیا۔ مذاکراتی کمیٹی کے ایک رکن کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ نے حلقوں کے حقیقی تحفظات حکومت کی مذاکراتی ٹیم کے سامنے رکھ دئیے ہیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں جہانگیر ترین گروپ سے حکومتی ٹیم کی دوبارہ ملاقات کا بھی امکان ہے۔