تیسرا ٹیسٹ: آسٹریلیا کی ٹیم 391 رنز پر آوٹ، پاکستان کے ایک وکٹ پر 90 رنز

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں

لاہور (ویب  نیوز)

پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی جبکہ پاکستان نے دوسرے روز کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنا لیے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے 232 رنز پانچ کھلاڑی آوٹ سے اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی۔ایلکس کیری اور کیمرون گرین نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذمے دارانہ کھیل پیش کیا اور پہلے سیشن میں پاکستانی بالرز کو وکٹ سے محروم رکھا۔دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 135 رنز کی ساجھے داری قائم کرکے آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم کردی جبکہ اس دوران دونوں نے نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔پاکستان کو چھٹی وکٹ اس وقت ملی جب ایلکس کیری 65 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔کیمرون گرین نے بھی 79 رنز کی اننگز کھیلی لیکن نسیم شاہ نے ان کی وکٹیں بکھیر کر تیسری وکٹ حاصل کی، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 13 رنز بنانے والے مچل اسٹارک کو چلتا کردیا۔نسیم نے بہترین بالنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نیتھن لائن کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا جبکہ شاہین کو لگاتار دو چھکے لگانے کے بعد مچل سویپسن بھی چلتے بنے۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم 391 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان نے پہلی اننگز میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو امام الحق 11 رنز بنا کر آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔امام الحق جب آوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور صرف 20 رنز تھا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جب دوسرے روز کے کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے 39 اوورز کے کھیل میں ایک وکٹ پر 90 رنز بنائے تھے اور کریز پر موجود دونوں بلے باز پراعتماد انداز میں بیٹنگ کر رہے تھے۔اوپنر عبداللہ شفیق 45 اور تجربہ کار بلے باز اظہر علی 30 رنز پر کھیل رہے ہیں۔یاد رہے کہ میچ کے پہلے دن اننگز کی ابتدا میں ہی دو وکٹیں گنوانے کے باوجود اسٹیو اسمتھ اور عثمان خواجہ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے تھے۔عثمان خواجہ نے 91 اور اسمتھ نے 59 رنز بنائے تھے۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گئے تھے۔