ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے نالائق حکومت کو رخصت کرنا ضروری ہے، مشترکہ اپوزیشن کا چارٹر جاری

ملک کو موجودہ بحران سے نجات دلانے کے لئے ضروری ہے کہ اس ناکام ، نااہل اور نالائق حکومت کو فی الفور رخصت کیا جائے

اسلام آباد( ویب  نیوز)تحدہ اپوزیشن نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنا مشترکہ چارٹر جاری کردیا ہے جسے ”قوت اخوت عوام چارٹر” کا عنوان دیا گیا ہے۔متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جاری چارٹر میں کہا گیا ہے کہ 23 مارچ 1940 کو مسلمانان جنوبی ایشیا نے قائد اعظم کی قیادت میں اپنے لئے آزاد ریاست کا خواب دیکھا تھا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن میں شامل سیاسی جماعتیں اس تاریخ ساز خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے مل کر تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنا کر ایک ایسا پاکستان تشکیل دیں گی جہاں آئین کی حرمت مقدم ہو، ریاست کے تمام انتظامی ادارے ایک منتخب انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے تابع ہوں جوقومی پالیسی سازی کا منبع ہو، عدلیہ آزاد ہو اور بغیر کسی دباؤ کے فیصلے کر سکے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام پی ٹی آئی حکومت کی ناکام پالیسیوں اور کارکردگی سے بالخصوص غریب متوسط طبقے اور نوجوان بدترین مہنگائی ، بیروزگاری اور سماجی عدم تحفظ کا شکار ہو چکے ہیں، جس کی ذمہ دار موجودہ سلیکٹڈ حکومت ہے جس نے پاکستان کی ترقی کے سفر کو چکنا چور کر دیاـاپوزیشن جماعتوں کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے کہ ملک بالکل دیوالیہ اور عوام پس جائیں ملک کو موجودہ بحران سے نجات دلانے کے لئے ضروری ہے کہ اس ناکام ، نااہل اور نالائق حکومت کو فی الفور رخصت کیا جائے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جماعتیں عہد کرتی ہیں کہ وہ عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنے، ملک کو قرضوں ، غْربت، مہنگائی، بیروزگاری اور ناخواندگی سے نجات دلانے ، سماجی اور معاشی ناہمواری دور کرنے اور ملکی معیشت کو جدید سائنسی، تکنیکی و اطلاعاتی صنعتی انقلاب کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے حکومت میں آ کر ہنگامی اقدامات اٹھائیں گیـاپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کہا گیا کہ قوم کی طاقت اور صلاحیت کا دارومدار اس کی مستحکم سیاست، توانا معیشت، آزاد خارجہ پالیسی اور مضبوط دفاع کے مربوط ڈھانچے پر ہوتا ہےـاعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر جمہوری عزائم کے ریاست کے نظام پر بالادستی کی سوچ نے پاکستان کو مستحکم نہیں ہونے دیا ، اس کھیل میں ہم سے آدھا ملک بھی جدا ہو گیاـ وقت آ گیا ہے کہ تمام ریاستی اسٹیک ہولڈرز آئین کی بالادستی قبول کرتے ہوئے ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کے ساتھ ملکر پاکستان کو اس کے بانی قائد اعظم کے خواب کی تعبیر بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیںـمتحدہ اپوزیشن کی جانب سے چارٹر میں عہد کیا گیا ہے کہ وہ جمہوری حکمرانی کے اصولوں کے مطابق میرٹ ، شفافیت اور عوامی خدمت کے اصولوں پہ فروغ دیں گی۔ آئین کی اسلامی شقوں ، 18ویں ترمیم اور شہریوں کے بنیادی انسانی ، سیاسی اور معاشی حقوق کا دفاع کریں گی ۔