اسلام آباد (ویب ڈیسک)

رمضان المبارک سے قبل مہنگائی کا پارہ پھر سے بلند ہونے لگا، ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1 اعشاریہ 10 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 25 اشیا کے دام بڑھ گئے۔ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق مجموعی پارہ 15.67 فیصد تک پہنچ چکا ہے، رواں ہفتے برائلر مرغی کی قیمتوں نے ٹرپل سنچری بھی مکمل کر لی اور فی کلو قیمت میں 23 روپے 59 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 302 روپے 8 پیسے تک پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے گھی کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 15 پیسے اضافہ ہوا، اوسط فی کلو قیمت 466 روپے 95 پیسے پر پہنچ گئی، بیف 94 پیسے اور مٹن 5 روپے 80 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں کیلے 4 روپے 43 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، ایک ہفتے کے دوران تازہ دودھ 78 پیسے، دہی ایک روپے 37 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 9 روپے 19 پیسے مہنگا ہوا، چاول، دال ماش ، دال مونگ، خشک دودھ ، ٹوائلٹ صابن بھی مہنگا ہوا۔حالیہ ہفتے 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹر 3 روپے 11 پیسے فی کلو سستے ہوئے، لہسن 16 روپے 70 پیسے فی کلو سستا ہوا، انڈے 5 روپے 73 پیسے فی درجن سستے ہوئے، چینی 81 پیسے فی کلو سستی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 39 روپے 35 پیسے سستا ہوا، دال چنا، دال مسور کی قیمتوں میں بھی کمی آئی جبکہ 18 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔