سبی: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 6 دہشت گرد ہلاک،فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید

اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا ،آئی ایس پی آر

راولپنڈی ،سبی( ویب  نیوز)بلوچستان کے علاقے سبی میں سیکیورٹی فورسز کی نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرکے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے شہر سبی کے قریب نگا پہاڑوں کے عام علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی۔بیان میں کہا گیا کہ جب جوانوں نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن شروع کیا تو دہشت گردوں نے ٹھکانوں سے فرار ہونے کی کوشش کی اور سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران بی این اے کے نصیب اللہ بنگلزئی عرف جہانگیر، پیر جان اور راکائی کلہوئی سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔بیان میں کہا گیا کہ ہلاک دہشت گرد سبی اور اطراف میں سیکیورٹی فورسز پر حالیہ حملوں میں ملوث تھے اور 20 جنوری کو لاہور کے علاقے انارکلی میں ہونے والے بم دھماکے میں بھی ملوث تھے۔خیال رہے کہ لاہور کے مشہور انارکلی بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے تھے۔کارروائی کی تفصیلات سے متعلق آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا جو دہشت گردوں کی جانب سے علاقے میں امن میں خلل ڈالنے کے لیے استعمال کرنی کی نیت سے رکھا گیا تھا۔ کارروائی کے دوران قوم کا بہادر سپوت سپاہی نثار نے شہادت پائی جبکہ دو جوان زخمی ہوئے۔سآئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔