مدینہ منورہ (ویب ڈیسک)

کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد سعودی حکومت نے زیادہ سے زیادہ نمازیوں کے عبادت اور زیارت کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مسجد نبوی ۖ کے صحنوں میں توسیع کی گئی ہے۔سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد نبوی ۖ کے صحنوں کی توسیع کی گئی ہے جس سے مزید 20 ہزار نمازیوں کی گنجائش پیدا ہوگئی ہے اس طرح مسجد نبوی ۖ میں اب 3 لاکھ 26 ہزار 429 نمازی عبادت کرسکیں گے۔اس حوالے سے گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے ہمراہ مسجد نبوی ۖ کا دورہ کیا اور مسجد نبوی کے صحنوں میں پیدل جانے والوں کے راستوں اور السلام روڈ پر واقع نئے مغربی صحنوں کا معائنہ کیا۔گورنر مدینہ منورہ نے انتظامی امور کے عہدیداروں کو تاکید کی کہ رمضان کے دوران زائرین کو اعلی اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں۔واضح رہے کہ 2020 میں کورونا وائرس کے سامنے آنے کے بعد سے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ۖ میں پابندیاں عائد ہونے کے باعث نمازیوں کی تعداد محدود تھیں تاہم اب مکمل گنجائش کے ساتھ مقدس مساجد میں عبادت کی اجازت ہوگی۔