لندن ، نواز شریف کے دفتر پر دوسرے روز بھی حملہ، 3 افراد زخمی

لیگی کارکنوں کی مزاحمت پر لرائی، زخمیوں میں لیگی رہنما اعجاز گل اور احسن ڈار بھی شامل

حملہ آوروں کی تعداد 15 سے 20 تھی، بعض نے ماسک پہن کر منہ چھپائے ہوئے تھے

پولیس نے چار افراد کو گرفتار کرلیا جن میں دو حملہ آور اور دو لیگی کارکن شامل ہیں

لندن (ویب  نیوز)لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے دفتر پر دوسرے روز بھی حملہ کیا گیا، لیگی کارکنوں کی مزاحمت پر تین افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام15سے زائد مظاہرین ہائیڈ پارک سنٹرل لندن میں واقع سابق وزیراعظم نواز شریف کے دفتر کے باہر پہنچے اور دفتر میں گھسنے کی کوشش کی۔ عینی شاہدین کے مطابق دفتر میں موجود لیگی کارکنوں کے روکنے پر شدید لڑائی ہوئی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں لیگی رہنما اعجاز گل اور احسن ڈار بھی شامل ہیں۔مظاہرین کی تعداد 15 سے 20 تھی، بعض نے ماسک پہن کر منہ چھپائے ہوئے تھے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر چار افراد کو گرفتار کر لیا جن میں دو حملہ آور اور دو لیگی کارکن شامل ہیں۔لڑائی کی اطلاع کے باوجود پولیس تاخیر سے موقع پر پہنچی، گزشتہ روز بھی نواز شریف کے گارڈز کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ پیش آیا تھا۔ نواز شریف کے دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے سبب مسلسل دوسرے روز پولیس کو طلب کرنا پڑا، فوٹیج کے مطابق مظاہرین کی تین سے زائد گاڑیوں پر تحریک انصاف کے پرچم لگے ہوئے تھے، لیگی کارکنان نے الزام لگایا کہ منظم پلاننگ کے تحت حملہ کیا گیا جس میں ایک سیاسی جماعت کے کارکنان ملوث ہیں۔