بزنس کمیونٹی جنگ سے متاثرہ یوکرین کے عوام کی مدد کیلئے آگے آئے۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن
یوکرین میں جنگ بندی کی کوششوں کی بھرپور حمایت کریں گے۔ محمد شکیل منیر
اسلام آباد ( ویب نیوز )
پاکستان میں یوکرین کے سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن Vitalii Zaianchkovskyi نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔یوکرین سفارتخانے کے اقتصادی امور کے سیکنڈ سیکرٹری وادیم مراویو بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ چیمبر کے نائب صدر محمد فہیم خان سابق صدر میاں شوکت مسعود، ایگزیکٹو ممبرز محمد سعید خان اور علی اکرم خان بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
یوکرین کے ایلچی نے کہا کہ ان کا ملک توانائی اور فوڈ سیکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان کا قابل اعتماد پارٹنر ہے لیکن موجودہ جاری جنگ نے بہت سے انسانی مسائل پیدا کرنے کے علاوہ کاروباری اور اقتصادی سرگرمیوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ انہوں نے کاروباری برادری کو یوکرین میں موجودہ جنگ سے انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات اور شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ تاجر برادری یوکرین کی جنگ سے متاثرہ عوام کے لیے خوراک اور ادویات سمیت انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے آگے آئے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے یوکرین کو فراہم کی جانے والی انسانی امداد کو سراہا اور اس کیلئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ تاجر برادری ہمیشہ امن کی خواہاں ہے جو کسی بھی ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری یوکرین میں امن قائم کرنے کیلئے کردار ادا کرے تاکہ کاروباری اور معاشی سرگرمیاں پھل پھول سکیں اور عوام کی مشکلات کم ہوں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کاروباری برادری یوکرین میں جنگ بندی اور امن کی بحالی کے لیے تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گی۔
محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی، میاں شوکت مسعود سابق صدر آئی سی سی آئی اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا خطاب کیا اور کہا کہ یوکرین میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر تاجر برادری غمزدہ ہے۔ انہوں نے یوکرین کے مسئلے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا کیونکہ جنگ تنازعات کا کبھی بھی بہتر حل نہیں ہے۔