مظفرآباد (ویب ڈیسک)

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے25اراکین اسمبلی کی جانب سے وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی جبکہ تحریک عدم اعتماد جمع کروانے والوں میں کوئی پاکستان پیپلز پارٹی یا پاکستان مسلم لیگ (ن)کا رکن شامل نہیں  ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈاپور کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد پی ٹی آئی اراکین نے سردار عبدالقیوم خان نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ائی  ۔ درخواست گزاروں نے متبادل وزیر اعظم کے لئے سردار تنویر الیاس خان کا نام تجویز کیا ہے۔ آزاد کشمیر کے آئین کے مطابق جب وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی جاتی ہے تواس کے لئے متبادل وزیر اعظم کا نام دینا ضروری ہوتا ہے۔ اگر تحریک عدم اعتماد کے ساتھ اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع نہیں کروائی گئی تو پھر اسپیکر پر لازم ہو گا کہ وہ تین سے 10روز کے اندر اجلاس بلا کر اس پر ووٹنگ کروائے۔ اگر ریکوزیشن جمع کروائی جاتی ہے تو پھر14روز کے اندراجلاس بلایا جانا ضروری ہے۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے ایوان کے 53میں سے27اراکین کی حمایت ضروری ہے۔