کراچی/بدین (ویب  نیوز)

12اپریل2022جماعت اسلامی سندھ کے تحت 10رمضان المبارک کو کراچی تا کشمور یومِ باب الاسلام بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا ،جماعت اسلامی سمیت مختلف مذہبی جماعتوں اوردینی اداروںں کے زیراہتمام سیمینار مذاکرے اوراجتماعات منعقد کئے گئے جن سے سیاسی وسماجی رہنمائوں کے علاوہ ممتاز علمائے کرام اور دانشورحضرات محسن سندھ غازی محمد بن قاسمکی سندھ آمد اور ان کی خدمات پر اظہار خیال اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر یوم باب الاسلام کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات میں یوم باب الاسلام پر عام تعطیل اور حکومتی سطح پر منانیکی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ اسداللہ بھٹو شکارپور، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نواب شاہ،محمد حسین محنتی بدین، کاشف سعید شیخ جیکب آباد،پروفیسر نظام الدین میمن کراچی،نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصراللہ عزیز جندوڈیرو شکارپور،ممتازحسین سہتو عمرکوٹ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالقدوس احمدانی زم زم ہال ٹنڈومحمد خان، نواب مجاہد بلوچ ٹنڈوآدم، عبدالحفیظ بجارانی لاڑکانہ میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کیا۔ مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے شکارپور میں یومِ باب الاسلام کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 رمضان المبارک رمضان المبارک برصغیرکے لیے ایک خوش بخت تاریخ ہے کہ اس دن اللہ تعالی نے سترہ سالہ نوجوان محمدبن قاسم کے ہاتھوں یہاں کے باسیوں کے لیے اسلام کادروازہ کھول دیا۔ 10 رمضان المبارک بروزجمعة المبارک کوسندھ کے ساحلوں پر کفروشرک سے آلودہ افواج اور نورتوحیدسے مزین لشکررشدوہدایت کے درمیان گھمسان کامعرکہ ہواجس میں اللہ تعالی نے مجاہدین حق کو فتح و سربلندی سے ہمکنارکیا اور راجہ داہر قتل ہو کر راندہ درگاہ ہوا،اوریوں سرزمین ہندوستان دارالکفرسے دارالاسلام میں تبدیل ہوگئی ،محمد بن قاسم نے ہندوستان میں مستقل سلطنت کے لیے بنیادیں استوار کیں مسلمانوں کی بستیاں اور مساجد تعمیر کیں، عوام کو پہلی بار ان کے حقوق سے آشنا کیا۔ ان کے جان و مال اور عزت و آبرو کا محافظ بنا۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے سکرنڈ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی تاریخ میں، اْن کی وراثت اور اْن کی روایات میں بعض ایسے اہم دن اور واقعات ہوتے ہیں جو نشانِ راہ اور سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، جن پر اگر غور کیا جائے تو نہ صرف ماضی کے نقوش بلکہ مستقبل کے اہداف بھی روشن ہوجاتے ہیں۔ یوم باب الاسلام کی اہمیت نہ صرف برصغیر پاکستان کے بسنے والے افراد کے لیے بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے غیر معمولی ہے۔ یہ دن اس لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے کہ بن قاسم کے قدموں کا اس خطے میں اسلام کی دعوت کو لے کر آنا نہ صرف سندھ بلکہ صدیوں بعد دنیا کے نقشے پر اسلام کے نام پر ایک مملکتِ خداداد، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قیام کا پیش خیمہ ثابت ہوا، ۔محمد حسین محنتی نے بدین میں یوم باب الاسلام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محسن سندھ غازی محمد بن قاسم نے ایک مظلوم بہن کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے نہ صرف ان کو ظلم سے نجات دلائی بلکہ سندھ کو باب الاسلام کا درجہ اور مثالی امن و انصاف کا دور قائم کیا۔ سندھ کے ذریعے ہی برصغیر میں اسلام کی روشنی پھلی۔اہلیان سندھ محسن سندھ محمد بن قاسم کے اس کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ آج بھی ہرطرف ظلم و جبر کا دور ہے۔قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ امریکہ کی قید میں ہے۔ آج پھر دنیا محمد بن قاسم کی منتظر ہے جو ظلم کا راج ختم اور انصاف کا بول بالا کرے،”یومِ باب الاسلام”اس عہد کی تجدید اور اس عزم کا اظہار ہے کہ ہم حق کی بقا، ظلم کے خاتمے اور دین کی سربلندی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔