راولپنڈی (ویب ڈیسک)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ  پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع جاری رکھے گی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان خیالات کا اظہارمنگل کو راولپنڈی میں 79ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے  کیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں پیشہ ورانہ، نیشنل سیکیورٹی چیلنجز پر بریفنگ دی گئی، جبکہ شرکا کو روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت فارمیشنز کمانڈرز کانفرنس میں تمام کورکمانڈرز، اسٹاف آفیسرز، فارمیشنز کمانڈرز نے شرکت کی۔فارمیشنز کمانڈرز کانفرنس میں شرکا کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے ابھرتے ہوئے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق  اجلاس میں سرحدوں اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے، پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی خطرات کا دفاع جاری رکھے گی، پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کیا جائے گا، ملکی سلامتی سب سے مقدس ہے، پاک فوج اس کی حفاظت کیلئے ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی رہے گی جبکہ فورم کے شرکا نے عسکری قیادت پر مکمل اطمینان کا اظہار بھی کیا۔شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی قومی سلامتی مقدس ہے، ہر قیمت پر آئین اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے قیادت کے قابل غور موقف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا، کچھ حلقوں کی جانب سے پاک فوج کو بدنام کرنے، ادارے اور معاشرے کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی حالیہ پروپیگنڈا مہم کا نوٹس بھی لیا۔