مینارِ پاکستان کا  اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا، عمران خان

امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، چیئرمین تحریک انصاف

اسلام آباد( ویب  نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے۔عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں مینارِ پاکستان جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔تحریک انصاف نے ضمانت پر رہا ہونے والے افراد کی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں بلاتاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کا مطالبہ کیا۔عمران خان نے کہا کہ غیرفطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، انواع و اقسام کے جرائم میں ملوث ملزمان کو وفاقی کابینہ میں بھرتی کرکے جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے، قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہے اور بیرونی سازش اور خودمختاری پر کئے جانے والے حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے۔عمران خان نے کہا کہ اپنے لوگوں کو جانتا ہوں، قوم آزادی و خودمختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں، مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں، غیرفطری امپورٹڈ حکومتیں کھڑی کرنے سے نہیں، شفاف انتخاب کے ذریعے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گا، انتظامیہ جلسے میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی حماقت سے گریز کرے، عوام کے سمندر کو قید کرنا ممکن نہیں، مینارِ پاکستان کا  جمعرات  کا اجتماع ایک تاریخ رقم کرے گا۔