اسلام آباد  (ویب نیوز)

وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کا مقصد غریب ترین خواتین کو معاشی سپورٹ فراہم کرنا ہے۔ افسوس کہ پروگرام میں سے لوگوں نکالنے کے لئے من مانے فلٹرز لگائے گئے جنکو بنیاد بنا کر 8لاکھ سے زائد لوگوں کو پروگرام سے نکالا گیا۔ ان خیالات کااظہار شازیہ عطا مری نے اتوار کے روز توئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ گورنمنٹ ملازمین کے نکالے جانے پر کوئی ابہام نہیں لیکن ارجنٹ فیس پرسی این آئی سی پاسپورٹ بنوانا، غیر ملکی سفر، موبائل فون کا بل ایک ہزار روپے سے اوپر جیسے من مانے فلٹرز کے ذریعہ بغیر تحقیق کے لوگ نکالے گئے۔ عمرہ کی ادائیگی، علاج کے لئے سفر، ضرورت کے تحت ارجنٹ شناختی کارڈ یا پاسپورٹ مستحق بھی بنوا سکتے ہیں۔ ادارے نے کوئی تحقیق نہیں کی جن لوگوں کے کارڈ من مانے فلٹرز کی بنا پر اور بغیر کسی تحقیق کے بلاک کر دئیے گئے انہیں اپیل کا حق دینا ضروری ہے لہذا اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کے ساتھ زیادتی ہوئی تو براہ مہربانی اپنا سی این آئی سی نمبر 8171پر بھیج دیجیئے۔ ادارہ آپ کی جائز شکایات پر ضرور غور کریگا۔ شکریہ۔