اسلام آباد (ویب نیوز)

حکومت پاکستان کی آفیشل ویب سائیٹ پر سائبر حملہ ہوا جو سائبر سیکیورٹی نظام کی وجہ سے ناکام ہو گیا۔ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ سائبر حملہ صبح ساڑھے گیارہ بجے کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ وزارت آئی ٹی کے ادارے این ٹی سی کے سسٹم پر سائبر حملہ ہوا تھا جس پر مختلف محکموں کی ویب سائٹس ہیں لیکن سائبر سیکیورٹی کے جامع نظام کی وجہ سے حملہ ناکام ہو گیا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کے مطابق سائبر حملے کی وجہ سے کچھ محکموں کی ویب سائٹس ازخود معطل ہوئیں لیکن تمام ویب سائٹس کو تین گھنٹے کے مختصر ترین وقت میں فعال کردیا گیا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے اس حوالے سے وضاحت کی ہے کہ سائبر حملہ ڈیٹا سینٹر پر نہیں، نیٹ ورکنگ سائیڈ پر کیا گیا تھا۔وفاقی وزارت آئی ٹی کے ذمہ دار ذرائع نے اس سے قبل بتایا تھا کہ ڈی ڈاس اٹیک کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک چوک کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن ڈی ڈاس اٹیک میں ڈیٹا چوری نہیں ہوا۔ذمہ دار ذرائع نے وزارت آئی ٹی کے حکام کے توسط سے بتایا ہے کہ سرکاری اور پرائیوٹ ویب سائٹس پر ہونے والے حملے کو فائر وال کے ذریعے روکنے کی کوشش کی گئی۔وفاقی وزارت آئی ٹی نے تمام متعلقہ اداروں سے اس ضمن میں تفصیلات طلب کر لی ہیں جب کہ سیکریٹری آئی ٹی نے  بدھ کو اجلاس بلا لیا ہے۔