وزیراعظم کا چینی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ،سی پیک کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کا عزم
حکومت چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی،شہباز شریف کی یقین دہانی
کسی کوپاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں د ی جائے گی،دونوں وزرائے اعظم میں اتفاق
اسلا م آباد(ویب نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس عزم کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران کیا۔اس دوران شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بے پناہ کردار ادا کیا ہے ۔وزیر اعظم نے دونوں فریقوں کو مل کر کام کرنے اور دونوں ممالک کی متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خصوصی اقتصادی زونز کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال کیا جا سکے۔شہباز شریف نے پاک چین سسٹر سٹی پارٹنرشپ کو یاد کرتے ہوئے ان چینی حکام کے تجربے سے سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا جنہوں نے اپنے صوبوں میں SEZ قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے چین کے ساتھ مل کر نئے جوش اور جذبے کے ساتھ کام کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔اس موقع پر انہوں نے چین کی حکومت اور عوام سے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور گزشتہ ماہ کی 26 تاریخ کو کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے گھناونے دہشت گرد حملے کے متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جس میں تین چینی اسکالرز کی جانیں گئیں۔وزیراعظم نے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور اس مجرمانہ فعل کے مرتکب افراد کو پکڑنے اور مکمل تحقیقات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینی شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی،اس موقع پر دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین دونوں ممالک کے درمیان وقتی تجربہ شدہ آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی ترقی کے لیے چین کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اس کے بنیادی مفاد کے تمام مسائل پر چین کی حکومت کی غیر متزلزل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔چینی وزیراعظم نے یقین دلایا کہ چین اقتصادی تعاون بڑھانے، تجارت کو وسعت دینے اور چین سے پاکستان میں زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے تیار ہے۔دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاک چین آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو دونوں ممالک کے عوام کے اہم مفادات کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے درمیان امن اور استحکام کے وسیع تر مفادات کی خدمت جاری رکھنی چاہیے۔اس مقصد کے لیے، دونوں فریقین نے دو طرفہ تعاون کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے تبادلوں کی رفتار کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔