شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12سے14گھنٹوں تک جا پہنچا

دیہی علاقوں میں 18گھنٹے لوڈشیڈنگ ،معمولات زندگی بری طرح متاثر ہونے لگے

پشاور (ویب نیوز)

پشاورسمیت صوبے بھر میں بجلی بحران نے شدت اختیار کرلی اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ شہری علاقوں میں 12سے 14گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 16سے18گھنٹوں تک جا پہنچا ۔قبائلی اضلاع میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال مزید بدتر ہو گئی جہاں 20گھنٹے تک لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بجلی کی مسلسل کئی کئی گھنٹوں تک بندش معمول بن گئی ہے جس کے باعث جہاں گھریلو امور بری طرح متاثر ہورہے ہیں وہیں کاروبار بھی ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ۔پشاورشہر سمیت صوبے کے دیگر اضلاع نوشہرہ،چارسدہ،مردان،صوابی،کوہاٹ،ڈیرہ اسماعیل خان ،لکی مروت،سوات،ہری پور،مانسہرہ اور بونیرمیں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹوں سے تجاوز کرگیا ہے جبکہ پشاورکے شہری علاقوں میں صبح 7بجے سے دوپہر1بجے تک مسلسل 6لوڈشیڈنگ طویل لوڈشیڈنگ بھی عوام کو متاثر کئے ہوئے ہے ۔گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھتا جارہا ہے ۔اسی طرح پشاور کے مضافاتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16سے18گھنٹوں تک جا پہنچا ہے جہاں صبح سویرے سے رات دیر گئے تک لوڈشیڈنگ معمول ہے ۔عوام کی جانب سے احتجاج کے باوجود لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں کیا جارہا ہے ۔

ملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری

لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی مفلوج،پانی کی قلت پیدا ہو گئی

کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا۔کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا جبکہ حیدرآباد، لاڑکانہ اور نوابشاہ سمیت کئی شہروں میں بھی بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ جاری رہا۔ملتان اور حافظ آباد سمیت پنجاب کے شہروں میں بھی کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی ۔پشاور کے شہری علاقوں میں 6 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 16 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی جبکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ،لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہوکررہ گیا، پانی کی قلت پیدا ہو گئی۔